Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انتخابات آٹھ دس دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں: آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ انتخابات آٹھ دس دن آگے پیچھے ہوسکتے ہیں۔
آج نیوز کے پروگرام ’فیصلہ آپ کا‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر کا کہنا تھا کہ ’انتخابات تو ہونے ہیں، آٹھ  فروری نہ ہو 18 ہو یا آٹھ فروری سے ایک دن پہلے ہوں، ہوسکتا ہے۔‘ 
جب ان سے پوچھا گیا کہ آٹھ فروری کی تاریخ کا تو اعلان ہو چکا ہے تو ان کا کہنا تھا کہ ’انتخابات کے حوالے سے اختیار الیکشن کمیشن کے پاس ہے۔‘
ایک سوال کے جواب میں آصف زرداری نے کہا کہ ’وزیراعظم کا اُمیدوار میں بھی ہوسکتا ہوں، بلاول بھی ہوسکتا ہے اور خورشید شاہ بھی کہتے ہیں کہ میں بھی وزیراعظم کا اُمیدوار بن سکتا ہوں۔‘
سابق صدر کا عمران خان کے حوالے سے کہنا تھا کہ اصل لاڈلے تو عمران خان ہیں۔ ’انہوں نے ابھی جیل نہیں دیکھی۔ جیل تو دو سال بعد پوچھتی ہے۔‘
’میں نے 14 سال پہلے اور سات ماہ عمران خان کے دور میں جیل کاٹی۔ میرے سارے ٹرائل جیل میں ہوئے۔ دو سال بعد جیل پوچھتی ہے کہ کہاں ہو۔ میں وکیلوں کو جیل میں نہیں بلاتا تھا، عمران خان کو جج سہولیات فراہم کر رہے ہیں۔‘
تحریک عدم اعتماد سے چار دن پہلے مجھے دوست کے ذریعے پیغام بھیجا گیا کہ ڈھائی سال کی مدت آپ لے لیں، اور تحریک واپس لے لیں۔ لیکن میں نے منع کردیا میں نے کہہ دیا کہ میں کمٹمنٹ کر چکا ہوں۔‘
ایک اور سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ عمران خان افغانوں کی سپورٹ اس لیے کرتے ہیں کہ اس میں ان کا فائدہ ہے۔ ’اس نے کے پی میں جعلی لسٹیں بنائی ہیں جس میں ان کو (افغانوں) کو پاکستانی شہری ڈیکلیئر کیا ہے اور ووٹر لسٹوں میںووٹرز کا اندراج کیا گیا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ اس نے الیکشن کمیشن سے کہا ہے کہ اس معاملے کو دیکھ لیں۔ 
’الیکش کمیشن اس معاملے کو دیکھ رہا ہے۔‘
آصف زرداری نے کہا کہ بلاول بھٹو صرف لاڈلے کا لفظ استعمال کرتے ہیں نام نہیں لیتے۔ ’میں بتاتا ہوں کہ لاڈلا وہ (عمران خان) ہیں۔‘
’لاڈلا عمران خان ہیں جن کی 25 سیٹیں تھیں انہیں سیٹیں جتوائی گئیں۔ پیپلز پارٹی نرسری ہے جس سے پی ٹی آئی کے موجودہ چیئرمین بیرسٹر گوہر بھی آئے ہیں۔‘
ایک سوال کے جواب میں سابق صدر کا کہنا تھا کہ لطیف کھوسہ اب پیپلز پارٹی کا حصہ نہیں ہیں۔ ’اعتزاز احسن کا ہم احترام کرتے ہیں لیکن ان کے سیاسی نظریات ہمارے ہاں نہیں چل رہے۔ وہ لاہور میں پڑوسی ہیں (عمران خان کے)۔‘
انٹرویو کے دوران سابق صدر نے عمران خان کی سابقہ اہلیہ جمائمہ خان پر ملک سے باہر وی لاگرز کو پیسے دینے کا الزام لگایا۔ 
’باہر بیٹھے وی لاگرز کو جمائمہ خان پیسے دے رہی ہیں، ایک لابی ان کی سپورٹ اور فنانس کر رہی ہے، اس لابی کے ارادے کچھ اور ہیں۔  پاکستانی دوستوں پر دوسری قوموں کا اثر ہے، انہیں بہکایا گیا ہے۔ پاپولیرٹی پول نکالے جارہے ہیں۔ دیہی اور شہری علاقوں میں ووٹرز کا واضح فرق ہے۔‘

شیئر: