انڈین بیٹسمین نے میچ کے دوران منہ پر ٹیپ لگا کر کیوں بیٹنگ کی؟
جمعرات 14 دسمبر 2023 20:02
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
بابا اندرجیت نے لکھا کہ وہ بیٹنگ کرنے آنے سے قبل باتھ روم میں گِر گئے تھے۔ (فوٹو: بابا اندرجیت/انسٹاگرام)
انڈیا میں جاری ڈومیسٹک ٹورنامنٹ ’وجے ہزارے ٹرافی‘ میں تمل ناڈو کے بیٹر بابا اندرجیت نے اپنے منہ پر ٹیپ لگا کر بیٹنگ کی جس کی وجہ میچ سے قبل ہونے والی انجری تھی۔
جمعرات کو ہریانہ کے خلاف سیمی فائنل میں 294 رنز کے تعاقب میں جب تمل ناڈو کی ٹیم کی صرف 53 رنز پر تین وکٹیں گر گئیں تو بابا اندرجیت منہ پر ٹیپ لگائے بیٹنگ کرنے آئے۔
بابا اندرجیت نے اپنی ٹیم کے لیے 71 گیندوں پر 64 رنز کی اننگز کھیلی لیکن پھر بھی ہریانہ کی ٹیم یہ میچ 63 رنز سے جیت گئی۔
میچ کے دوران یہ بات معمہ ہی بنی رہی کہ آخر تمل ناڈو کے بیٹر منہ پر ٹیپ لگا کر کیوں بیٹنگ کر رہے ہیں۔ میچ کے بعد یہ معلوم ہوا کہ اندرجیت بیٹنگ کرنے سے قبل ایک حادثے کا شکار ہوگئے تھے۔
میچ کے بعد اپنی ایک انسٹاگرام پوسٹ میں بابا اندرجیت نے لکھا کہ وہ بیٹنگ کرنے آنے سے قبل باتھ روم میں گِر گئے تھے جس کی وجہ سے اُن کے ہونٹوں پر شدید چوٹ آئی۔
انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’میری فکر کرنے اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے کا شکریہ۔ میں آئس باتھ لینے کے بعد پھسلا اور بہت بُری طرح گِرا۔‘

بابا اندرجیت نے مزید بتایا کہ ’میں منہ کے بَل گِرا اور بھری طرح سہم گیا تھا۔ ہونٹوں کے اوپر اور نیچے کافی گہری چوٹ آئی لیکن اس کے باوجود بھی میں نے بیٹنگ کی۔‘
تمل ناڈو کے بیٹر کے مطابق وہ میچ کے بعد ہسپتال گئے جہاں انہیں ٹانکے لگائے گئے اور اب وہ بالکل ٹھیک ہیں۔