تبوک میں پبلک بس ٹرانسپورٹ سمیت کئی منصوبوں کا آغاز
ترقیاتی منصوبوں کا مقصد علاقے میں لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنا ہے ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب میں گورنر تبوک شہزادہ فہد بن سلطان بن عبدالعزیز نے ریجن میں ایک ارب ریال لاگت کے پبلک بس ٹرانسپورٹ کے شعبے میں 34 ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی کے مطابق اس موقع پرگورنریٹ میں خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔
وزارت بلدیات کی جانب سے تبوک ریجن کے ترقیاتی منصوبوں کا مقصد علاقے میں لوگوں کا معیار زندگی بلند کرنا اورروڈ نیٹ ورک کو مزید کشادہ کرنے کے علاوہ مختلف علاقوں میں پارکوں کی تعمیرہے۔
وزیربلدیات ماجد الحقیل نے بتایا کہ ’سال رواں 2023 میں ریجن میں 35 ترقیاتی منصوبوں پرکام کیا گیا جس کی مالیت 710 ملین ریال تھی جس کے تحت شاہراہوں کے نیٹ ورک کو بہتربنانے کے علاوہ برساتی پانی کی نکاسی کے لیے کام کیا گیا‘۔
گورنر تبوک نے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے دستاویزی فلم کا مشاہدہ کیا جس میں تبوک شہر میں عوامی بسوں کے نیٹ ورک کو مزید بہتر بنانے کے لیے دیگر ترقیاتی پروگرام شامل تھے۔
اس موقع پرعوامی ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے نگران اعلی ڈاکٹر ریان الحازمی نے بتایا شروع کیا جانے والا منصوبہ مملکت میں اپنی نوعیت کا پہلا منصوبہ ہے جس میں 25 فیصد بسیں بجلی سے چلائی جائیں گی جو چار ٹریک پرمشتمل ہیں جن کی مسافت 128 کلو میٹر ہو گی جبکہ اس کے لیے 105 سٹیشنز قائم کیے جائیں گے۔
گورنرتبوک نے 610 ہاوسنگ یونٹس مختلف خاندانوں میں تقسیم کیے۔ گزشتہ چار برسوں میں اب تک تقسیم کیے جانے والے ہاوسنگ یونٹس کی تعداد 864 ہو گئی۔