غزہ کے زخمی بچوں اور کینسر کے مریضوں کا چھٹا گروپ ابوظبی پہنچ گیا
ایک ہزار فلسطینی بچوں اور ایک ہزار کینسر کے مریضوں کا علاج کیا جائے گا( فوٹو: وام)
مصر کے العریش ایئرپورٹ سے ایک اور طیارہ منگل کوغزہ کے زخمی بچوں اور کینسر کے مریضوں کے چھٹے گروپ کو لے کر ابوظبی پہنچ گیا۔
امارات کے خبر رساں ادارے ’وام‘ کے مطابق صدر شیخ محمد بن زاید کی جانب سے اس اینیشی ایٹیو کے تحت ایک ہزار فلسطینی بچوں جبکہ ایک ہزار کینسر کے مریضوں کا امارات کے ہسپتالوں میں علاج کیا جائے گا۔
ابوظبی آنے والے چھٹے گرووپ میں 61 فلسطینی بچے شامل ہے جنہیں فوری طبی امداد کی ضرورت ہے۔ ان کے ہمرہ خاندان کے 71 افراد بھی ہیں۔
امارات کے ہسپتالوں میں غزہ سے آنے والے کینسر کے مریضوں کو منتقل کیا گیا ہے جہاں بہترین صحت خدمات میسر ہیں۔
یاد رہے کہ امارات کی قیادت کی ہدایت پر 5 نومبر کو بحران کے آغاز پرغزہ کے متاثرین کےلیے امدادی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ امارات نے 20 ملین ڈالر کا امدادی پیکج مختص کیا ہے۔
اب تک 131 طیااروں کے ذریعے 14 ہزار ٹن سے زیادہ خوراک اور طبی سامان غزہ بھیجا جا چکا ہے جبکہ غزہ میں 150 بستروں پر مشتمل فیلڈ ہسپتال بھی کام کررہا ہے۔
رفح کے علاقے میں صاف پانی کےلیے تین پلانٹ لگائے گئے ہیں۔ ان کا مقصد غزہ میں پینے کے پانی کی ضروریات کو پورا کرنا ہے۔
تینوں پلانٹ روزانہ تقریبا چھ لاکھ گیلن پانی کو صاف کرتے ہیں اور اسے غزہ پہنچایا جاتا ہے جس سے تین لاکھ افراد کی ضروریات پوری ہوتی ہیں۔