Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ رخ خان نے ’مُنا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’3 ایڈیٹس‘ میں کام کیوں نہیں کیا؟

شاہ رخ خان کا کہنا تھا کہ ’ایک دوسری فلم کی مصروفیت اور ایک نئی انجری کے باعث مجھے ’تھری ایڈیٹس‘ سے دستبردار ہونا پڑا‘ (فائل فوٹو: شٹرسٹاک)
بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان آج کل اپنی نئی فلم ’ڈنکی‘ کی پرموشن میں مصروف ہیں جو ان کا ڈائریکٹر راج کمار ہرانی کے ساتھ پہلا پراجیکٹ ہے۔
حال ہی میں اپنی فلم کی پروموشن کے دوران شاہ رخ خان نے سعودی عرب کے ’مڈل ایسٹ براڈکاسٹنگ گروپ‘ کو انٹرویو دیا ہے جہاں انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ابتدائی طور پر ’منا بھائی ایم بی بی ایس‘ اور ’تھری ایڈیٹس‘ جیسی فلموں میں کردار کی پیش کش ہوئی تھی جو انہیں انجری کے باعث ٹھکرانا پڑی تھیں۔
 انٹرویو میں جب شاہ رخ سے پوچھا گیا کہ انہوں نے راج کمار ہرانی کے ساتھ کام کرنے کے لیے اتنا انتظار کیوں کیا تو جواب میں ان کا کہنا تھا ’راج کمار ہرانی اور میں شروع سے دوست ہیں۔‘
’مجھے یاد ہے میں فلم دیوداس کی شوٹنگ میں مصروف تھا جب راج کمار میرے پاس ایک سکرپٹ لے کر آئے اور مجھے پڑھنے کو کہا، میں نے فلم کا نام پڑھتے ہی ہاں کر دی اور کہا کہ یہ میری اگلی فلم ہوگی۔ ہم وہ فلم اکٹھے کرنے والے تھے مگر اچانک مجھے انجری کے باعث سرجری سے گزرنا پڑا۔‘ 
شاہ رخ نے مزید بتایا ’کچھ سال بعد راج کمار ہرانی نے ان سے فلم تھری ایڈیٹس کے لیے دوبارہ رابطہ کیا۔ میں نے اس فلم کی سکرپٹ اور کاسٹنگ پر ان کے ساتھ کام کیا مگر میری دوسری فلم کی مصروفیت اور ایک نئی انجری کے باعث مجھے پراجیکٹ سے دستبردار ہونا پڑا۔‘
منا بھائی ایم بی بی ایس اور تھری ایڈیٹس راج کمار ہرانی کے کیریئر کی بہترین فلموں میں سے ہیں۔ منا بھائی نے اداکار سنجے دت کے کیریئر کو سہارا کیا، جبکہ ’تھری ایڈیٹس‘ عامر خان کی کامیاب ترین فلموں میں سے ایک  تصور کی جاتی ہے۔ 

شیئر: