پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی پروجیکٹ کے تحت فوڈ باسکٹس کی تقسیم
بلوچستان کے علاقے سبی میں 200 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کے شاہ سلمان مرکز برائے امداد وانسانی خدمات کے تحت پاکستان میں فوڈ سیکیورٹی سپورٹ پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے میں فوڈ باسکٹ کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق بلوچستان کے علاقے سبی میں 200 فوڈ باسکٹس تقسیم کی گئی ہیں جس سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ایک ہزار 400 افراد مستفید ہوئے ہیں۔
اس سے پہلے بلوچستان میں سبی اور قلات کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ڈیڑھ ہزار فوڈ باسکٹ تقسیم کی گئی تھیں جس سے ساڑھے دس ہزار افراد مستفید ہوئے۔
علاوہ ازیں شاہ سلمان مرکز نے بیروت، وادی خالد،صور، زعرتا اور شمالی جبل لبنان میں انتہائی ضرورت مند شامی اور فلسطینی پناہ گزینوں اور مقامی افراد کے لیے منظور شدہ سٹورز سےموسم سرما کے کپڑوں کی خریداری کےلیے ایک ہزار 506 وواچر تقسیم کیے ہیں۔
لبنان میں امدادی منصوبے کے دوسرے مرحلے میں رواں سال موسم سرما کے لیے کپڑے تقسیم کیے جا رہے ہیں۔
شاہ سلمان مرکز لبنان میں العمل چیرٹیبل بیکری پروجیکٹ کےلیے بھی فنڈ فراہم کررہا ہے جس کے تحت شامی اور فلسطنیی پناہ گزین خاندانوں اور مقامی لوگوں کو روزانہ 25 ہزار روٹی کے پیکٹ فراہم کیے جاتے ہیں۔
2015 میں اپنے آغاز سے لے کر شاہ سلمان مرکز برائے امداد اور انسانی خدمات نے 173 مقامی،علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون سے 94 ممالک میں6.4 ارب ڈالر مالیت کے دو ہزار 625 منصوبوں پرعمل درآمد کیا ہے۔
کنگ سلمان سنٹر کی جانب سے دی جانے والی امداد سے مستفید ہونے والے ممالک میں اب تک یمن کے لیے 4.3 بلین، فلسطین کے لیے370 ملین، شام کے لیے384 ملین اور صومالیہ کے لیے 227 ملین ڈالر کے پروجیکٹس لگائے گئے ہیں۔
کنگ سلمان ہیومینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹر کی انسانی، امدادی اور ترقیاتی سرگرمیاں دنیا کے تمام ضرورت مند ممالک بشمول عرب اور اسلامی ممالک تک پھیلی ہوئی ہیں۔
دنیا بھر کے 54 ممالک میں کنگ سلمان ہیومینٹرین ایڈ اینڈ ریلیف سنٹرکی جانب سے1,367 پروجیکٹس اور پروگرام کے تحت امدادی کام سرانجام دئیے جا رہے ہیں۔