اب وقت ہے نئے سال میں کچھ ایسے اہداف سیٹ کرنے کا جن سے آپ کی صحت پر مجموعی طور پر بہترین اثرات مرتب ہوسکتے ہیں۔
اسی سلسلے میں این ڈی ٹی وی نے کچھ نئے اہداف بتائے ہیں جن پر عمل کر کے صحت مند رہا جا سکتا ہے۔
نیند کو ترجیح دیں
نیند کا معیار اور مقدار دونوں ہماری صحت پر اثرات مرتب کرتے ہیں۔
نیند کی کمی کی وجہ سے دل کی بیماریوں، ڈپریشن اور موٹاپے جیسی کئی بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں۔
لہٰذا اس سال کے آغاز میں نیند کو فوقیت دینے کا عزم کریں اور ایسی حکمت عملی بنائیں جس سے آپ بھرپور نیند کر سکیں۔
بیٹھیں کم، چلیں زیادہ
بیٹھ کر کام کرنے سے سستی پیدا ہوتی ہے۔ بہت دیر بیٹھنے کے باعث صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس کی وجہ سے کئی بیماریاں بھی پیدا ہوتی ہیں۔
لہٰذا 2024 میں ایسا شیڈول بنائیں جس سے آپ زیادہ دیر چل پھر سکیں۔ ہر ایک گھٹنے بعد پانچ منٹوں کے لیے چہل قدمی کریں۔
ہر روز مراقبہ کریں
سنہ 2024 میں آپ کو مراقبہ یعنی میڈیٹیشن کرنے کے فوائد مکمل طور پر معلوم ہونے چاہییں۔
مراقبہ کرنے سے ذہنی صحت بہتر ہوتی ہے، ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے، اپنے بارے میں پتا چلتا ہے جبکہ منفی جذبات کم ہونے کے ساتھ ساتھ بلڈ پریشر میں بھی کمی آتی ہے۔
اپنے آپ پر توجہ دیں
اس بات کو سمجھنا ضروری ہے کہ اپنے آپ پر توجہ دینے کا مطلب خود غرض ہونا نہیں ہے۔
مصروف زندگی میں اپنے آپ کے لیے وقت نکالنے سے ذہنی صحت میں بہتری آتی ہے اور جسمانی صحت پر بھی اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
کسی جسمانی سرگرمی کے ذریعے بھی خود پر توجہ دی جا سکتی ہے۔ ضروری نہیں ہے آپ جِم میں گھنٹوں گزاریں بلکہ آپ اپنی پسند کا کوئی بھی کام کر سکتے ہیں جیسے کہ ڈانس اور ٹریکنگ وغیرہ۔
ڈائٹنگ چھوڑ کر صحت مند غذائیں کھائیں
آپ سخت ڈائٹنگ بہت جلدی ترک کر سکتے ہیں کیونکہ سخت ڈائٹ عمومی طور پر کم وقت میں جلدی نتیجہ دیتی ہے تاہم بہت سی پابندیوں کے باعث اس سخت ڈائٹ پر عمل نہیں کیا جا سکتا ہے۔
اسی وجہ سے اس سال آپ گھر سے پکے ہوئے خالص اور صحت مند کھانوں پر توجہ دیں۔ یہ صحت کو مجموعی طور پر بہتر رکھنے کا سادہ لیکن پائیدار طریقہ ہے۔
2024 میں صحت مند کھانوں کے ساتھ رشتہ قائم کریں تاکہ آپ کا دماغ اور جسم صحت مند رہے۔