’امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف تشدد‘، حکام کا امام مسجد کے قاتل کو ڈھونڈنے کا عزم
’امریکہ میں مسلمانوں کے خلاف تشدد‘، حکام کا امام مسجد کے قاتل کو ڈھونڈنے کا عزم
جمعہ 5 جنوری 2024 15:36
حکام کے مطابق کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں اور حملہ آور کی شناخت کر رہے ہیں۔ (فوٹو: روئٹرز)
امریکی ریاست نیو جرسی کے اٹارنی جنرل میتھیو پلاتکن نے ایک پریس کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ تین جنوری کو نیوآرک کے امام مسجد حسن شریف پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کو تلاش کریں گے۔
امریکی حکام نے کہا تھا کہ بدھ کو امام مسجد حسن شریف پر مسجد محمد کے باہر فائرنگ کی گئی تھی جس کے بعد وہ انتقال کر گئے۔
میتھیو پلاتکن اور نیوجرسی کے دیگر قانون نافذ کرنے والے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے اس مرحلے پر ان کا نہیں خیال کہ ان کو اسلاموفوبیا کی وجہ سے قتل کیا گیا ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ اس کیس کی تحقیقات کر رہے ہیں اور حملہ آور کی شناخت کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ’ایسا نہیں ہو سکتا اور نہ ہی کریں گے کہ ہم گن وائلنس کو معمول کے مطابق تسلیم کر سکیں۔ نہ ہی اس ریاست میں عبادت گاہ کے باہر یا کہیں اور۔‘
پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص نے سیاہ لباس پہنا ہوا تھا اور فائرنگ کے بعد جائے وقوعہ پر عینی شاہدین نے مسجد سے نکلتے ہوئے اس کو دیکھا تھا۔
پولیس کے مطابق امام مسجد حسن شریف پر فائرنگ صبح سوا چھ بجے ہوئی تھی۔
اٹارنی جنرل میتھیو پلاتکن کا کہنا تھا کہ مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ابھی ایسا کچھ نہیں کہ ہم امام شریف کو ان کے پیاروں اور کمیونٹی کے پاس واپس لائیں۔‘
مسلم کمیونٹی پر قتل کے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے میتھیو پلاتکن نے کہا کہ ’یہ زخم مکمل طور پر نہیں بھریں گے اور اس وجہ سے ہمیں اپنی کوششوں کو دوگنا کرنا چاہیے تاکہ ہم اس گن وائلنس کا خاتمہ کر سکیں اور ہم سے جو ہو سکا وہ کریں تاکہ مستقبل میں خاندانوں کو امام شریف کے خاندان جیسے دُکھ سے بچا سکیں۔‘
ڈیموکریسی ناؤ سمیت دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ برس اگست میں حسن شریف کو ہراساں کیا گیا تھا۔
میتھیو پلاتکن نے تسلیم کیا کہ ’تشدد میں اضافہ ہوا ہے خاص طور پر مسلم کمیونٹی کے خلاف۔‘
مسجد محمد نیوآرک میں افریقی نژاد امریکن شہریوں کی تعداد زیادہ ہے اور یہ مسجد افریقی امریکی کمیونٹی میں واقع ہے۔
شریف حسن کا قتل حال ہی میں نیوجرسی میں ہونے والا دوسرا پرتشدد واقعہ ہے۔
اپریل 2023 میں نیو جرسی کے علاقے پیٹرسن کی مسجدِ عمر میں امامِ مسجد سید النقیب چاقو کے حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔
واقعے کے بعد مشتبہ شخص مسجد سے بھاگنے کی کوشش کر رہا تھا تاہم نمازی اس کو پکڑنے میں کامیاب ہوئے اور پولیس کے حوالے کیا تھا۔