Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان حج 2024 کے معاہدے پر دستخط

منی میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور اس کے نرخ بھی کم ہوں گے۔ (فوٹو: اردونیوز)
پاکستان اور سعودی عرب نے اتوار کو جدہ میں حج 2024 کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کر دیے۔
سعودی وزیرحج ڈاکٹر توفیق الربیعہ اور پاکستان کے نگراں وفاقی وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
نگراں وفاقی وزیر انیق احمد نے اردونیوز کو بتایا ’پاکستانی عازمین حج کو بہتر سے بہتر سہولتیں فراہم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ منٰی میں خصوصی جگہ دی جائے گی اور اس کے نرخ بھی کم ہوں گے۔‘
انہوں نے  کہ’ سعودی وزیر حج نے پاکستانی عازمین کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تعاون کا یقین دلایا ہے‘۔
انیق احمد کا کہنا تھا کہ’ سعودی عرب نے اس سال کراچی کو بھی روٹ ٹو مکہ پروگرام میں شامل کیا ہے جس سے عازمین کو سہولت ہوگی۔‘
’اس مرتبہ حج انتظامات کے حوالے سے معاہدے وقت سے پہلے ہو رہے ہیں تاکہ کسی پریشانی سے بچا جا سکے۔‘
ایک سوال پر انیق احمد نے کہا کہ’ پاکستان سپانسر شپ سکیم کے تحت بچ جانے والا کوٹہ سعود ی عرب کو واپس کرے گا۔‘
نگراں وزیر نے بتایا کہ ’گذشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے۔ پاکستان بچ جانے والا 20 ہزار کا کوٹہ واپس  کیا جائے  گا۔‘
یاد رہے کہ اس سال حکومت نے  سفرحج کو مزید قابل رسائی، آسان اور آرام دہ بنانے کے لیے 20 سے 25 دن کا مختصر حج پروگرام متعارف کرایا ہے۔
عازمین کو اب مدینہ منورہ میں چار سے آٹھ دن کی مدت کے لیے اپنی رہائش کا انتخاب کرنے کی سہولت ہو گی۔ 
ہرعازم کو خصوصی طور پر ڈیزائن کیا گیا ایک بیگ ملے گا جس میں پاکستانی پرچم، شناخت کے لیے کیو آر کوڈ، اور متعلقہ معلومات ہوں گی۔

اس سال بھی پاکستان کا حج کوٹہ ایک لاکھ 79 ہزار 210 ہے (فوٹو: اردونیوز)

خصوصی موبائل ایپ سےعازمین حج کے لیے تمام معلومات ان کے موبائل فونز پر دستیاب ہوں گی۔
’عازمین اپنے حج گروپ کی معلومات، تربیتی شیڈول، فلائٹ کی معلومات، سعودی عرب میں اپنی رہائش، ادائیگی اور دوران حج مقامات کے لائیو نقشے و لوکیشنز سے خود کو آگاہ رکھ سکیں گے۔‘
واضح رہے کہ نگراں وزیر برائے مذہبی اُمور انیق احمد حج انتظامات کو حتمی شکل دینے کے لیے سنیچر کی رات سعودی عرب پہنچے تھے۔
اس دورے میں وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے سیکریٹری ڈاکٹر عطاالرحمن اورجوائنٹ سیکرٹری حج سجاد حیدر یلدرم بھی وزیر کے ہمراہ ہیں۔ وفاقی وزیر سعودی وزارت حج  کے زیر اہتمام جدہ میں بین الاقوامی حج کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ کانفرنس 8 سے 11 جنوری کو جدہ کے سپرڈوم میں وزارت حج وعمرہ کی زیر نگرانی ہو گی۔ 
کانفرنس کا مقصد عازمین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانا اورسابقہ تجربات کی روشنی میں بہتر لائحہ عمل اورخدمات کو متعارف کرانا ہے۔ 
کانفرنس میں شرکا کی جانب سے عازمین حج کی مملکت آمد سے فریضہ حج کی ادائیگی اور واپسی تک کے تمام مراحل زیر بحث لائے جائیں گے۔
عازمین کی مملکت آمد، ٹرانسپوٹیشن، رہائش، خوراک اور دیگر امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ 
 گزشتہ برس منعقد ہونے والی دوسری کانفرنس میں ایک لاکھ سے زائد زائرین نے شرکت کی تھی جبکہ 360 سے زائد حکومتی اور نجی خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہم نمائندے اوراعلی عہدیدار بھی شریک تھے۔
گزشتہ برس ہونے والی کانفرنس میں حج وعمرہ کے حوالے سے 200 معاہدوں پراتفاق کیا گیا تھا۔

شیئر: