دبئی: انڈین خاتون نے 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گانے گا کر ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا
140 زبانوں کا انتخاب دبئی میں منعقد ہونے والی سی او پی سمٹ میں 140 ممالک کی نمائندگی کے باعث کیا گیا (فوٹو: گلف نیوز)
دبئی میں انڈیا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گانے گا کر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
انڈین نیوز چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق کیرالہ سے تعلق رکھنے والی اس خاتون نے 24 نومبر 2023 کو دبئی میں ہونے والے ’کنسرٹ فار کلائمیٹ‘ میں 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گانے گائے اور ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
اس بارے میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر سوچیتھا ستیش نے اپنی پوسٹ میں ورلڈ ریکارڈ قائم کرنے پر خوشی کا اظہار کیا۔
سوچیتھا ستیش کہتی ہیں کہ ’خدا کی مہربانی سے خبر دیتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ میں نے 9 گھنٹوں میں 140 زبانوں میں گانے گا کر نیا گینز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔‘
دوسری جانب گینز ورلڈ ریکارڈ کا کہنا ہے کہ سوچیتھا ستیش نے دبئی میں انڈین قونصلیٹ آڈیٹوریم میں ہونے والی تقریب میں 140 زبانوں میں پرفارم کر کے ماحولیاتی تبدیلیوں کے بارے میں آگاہی دی ہے۔
خیال رہے 140 زبانوں کا انتخاب دبئی میں منعقد ہونے والی سی او پی سمٹ میں 140 ممالک کی نمائندگی کے باعث کیا گیا تھا۔