عجمان میں خوفناک ٹریفک حادثہ، ایک خاندان کے پانچ افراد ہلاک
ایک فور وہیل گاڑی سامنے سے آنے والے ٹرک سے ٹکرا گئی (فوٹو: دی نیشنل)
متحدہ عرب امارات میں عجمان کے علاقے مصفوت میں ٹریفک حادثے میں ایک خاندان کے پانچ افراد ہلاک ہوگئے۔
گاڑی اور ٹرک کے درمیان خوفناک تصادم میں ہلاکتیں ہوئیں۔ حادثہ حتا شہر سے واپسی پر پیش آیا۔
دی نیشنل نے عمجان پولیس کے حوالے سے بتایا ’ آپریشن روم کو بدھ کی صبح اطلاع ملی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ الوطن سٹریٹ پر ایک حادثہ پیش آیا ہے۔ فوری طور پر پولیس اور امدادی ٹیمیں جائے حادثہ پر روانہ کیں‘۔
ایک فور وہیل گاڑی سامنے سے آنے والے ایک ٹرک سے ٹکرا گئی۔
اماراتی ڈرائیور، اس کی اہلیہ، دو بیٹیاں اور ایک بھتیجی موقع پر ہلاک ہوگئے۔
خاندان کی دو لڑکیاں زخمی ہوئیں جنہیں شیخ خلیفہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ ان کی حالت مستحکم بتائی جاتی ہے۔
ابتدائی رپورٹ میں کہا گیا کہ’ حادثہ ڈرائیور کی توجہ سڑک سے ہٹنے کے باعث پیش آیا‘۔
متاثرہ خاندان نئے سال کی چھٹیاں سیاحتی شہر حتا میں گزار کر ابوظبی واپس آرہا تھا۔
مصفوت، عجمان کا ایک پہاڑی علاقہ ہے جو حتا کے قریب واقع ہے۔ الوطن روڈ دونوں علاقوں کے درمیان آمد ورفت کے لیے لنک کےطور پر کام کرتا ہے۔
عجمان پولیس نے تمام ڈرائیوروں سے کہا ہے کہ’ وہ احتیاط سے کام لیں، رفتار کی حد پر عمل کریں، گاڑی چلاتے ہوئے پوری توجہ دیں۔