اماراتی صدر سے امریکی وزیر خارجہ کی ملاقات، غزہ کی صورتحال کا جائزہ
باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی وعالمی مسائل پر بھی بات چیت کی گئی (فوٹو: وام)
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے پیر کو امریکی وزیر خارجہ انتونی بلینکن نے ابوظبی کے قصر الشاطی میں ملاقات کی ہے۔
امارات کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ملاقات میں امریکہ اور امارات کے درمیان تعاون اور مشترکہ کوششوں کے استحکام کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا تاکہ دونوں ملکوں کے مفادات حاصل کیے جاسکیں۔
صدر شیخ محمد بن زاید اور امریکی وزیر خارجہ نے باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی وعالمی مسائل پر بھی بات چیت کی۔
مقبوضہ فلسطینی علاقوں کی تازہ صورتحال اور غزہ پٹی کے بحران کے خطرناک نتائج کا جائزہ لیا ۔ بحران سے پورے خطے کے امن و استحکام پر پڑنے والے اثرات خاص طور پر زیر بحث آئے۔
اماراتی صدر نے کہا کہ’ شہریوں کے تحفظ اور کسی روک ٹوک کے بغیر غزہ کے باشندوں تک انسانی امداد پہنچانے اور ان کی بے دخلی روکنے کے لیے جنگ بندی کی کوشش کرنا ہوں گی۔‘
فریقین نے کشیدگی کا دائرہ وسیع کرنے سے بچنے کے لیے کوشش کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ ’کشیدگی کا دائرہ بڑھنے سے علاقائی امن خطرے میں پڑ جائے گا۔‘
’ ملاقات میں خطے میں پائیدار اور جامع امن کا واضح تصور تیار کرنے پر بھی زور دیا کہ علاقائی استحکام کا واحد راستہ یہی ہے۔‘
اس موقع پر ابوظبی کے ولی عہد شیخ خالد بن محمد بن زاید آل نہیان سمیت امارات کے اعلی عہدیدار اور امریکہ میں متعین اماراتی سفیر یوسف العتیبہ بھی موجود تھے۔