ریاض: پابندی کے باعث قطر ایئرلائن کو روزانہ 40لاکھ ریال کا نقصان
جدہ: سعودی عرب کی فضائی حدود میں پرواز کی پابندی سے قطر ایئرلائن کو روزانہ 40لاکھ ریال سے زیادہ نقصان ہوگا۔ فضائی امور کے ماہر حماد السہلی نے عاجل ویب سائٹ کو بتایا کہ صرف سعودی عرب کی فضائی حدود میں سفر کی پابندی سے قطر ایئرلائن کو سالانہ 1.5بلین ریال کا نقصان ہوگا۔ قطری ایئرلائن سعودی عرب کے مختلف ہوائی اڈوں میں روزانہ 15پروازیں چلاتی رہی ہے ۔ علاوہ ازیں سعودی فضائی حدود کو بھی استعمال کرتی ہے۔ فضائی حدود بند کرنے کی وجہ سے قطر ایئرلائن کو یورپ اور افریقہ کے لئے پرواز چلانے میں متبادل راستے اختیار کرنا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مختصر ترین متبادل راستے پر 3گھنٹہ اضافی پرواز کرنی ہوگی۔اس سے نہ صرف وقت زیادہ لگے گا بلکہ اخراجات بھی بڑھ جائیں گے۔