Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان کو 46 رنز سے ہرا دیا

پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے ڈیبیو کرتے ہوئے تین وکٹیں حاصل کیں (فوٹو: گیٹی امیجز)
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 46 رنز سے ہرا دیا۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 227 رنز کے ہدف کے جواب میں پوری پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 180 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 57 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب نے 27 اور محمد رضوان نے 25 سکور بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی نے چار جبکہ ایڈم مل اور بین سیئرز نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے جارحانہ آغاز کیا گیا تاہم صائم ایوب 33 کے مجموعی سکور پر رن آؤٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ کے گرنے بعد بابر اعظم اور محمد رضوان کے درمیان 30 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد محمد رضوان 25 کے انفرادی سکور پر اونچی شاٹ کھیلنے کی کوشش میں ٹم ساؤتھی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔
بابر اعظم اور فخر زمان نے بڑے ہدف کو حاصل کرنے کی بھرپور کوشش کی تاہم فخر زمان 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
 

پاکستان کی طرف سے بابر اعظم 57 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان کو چوتھا نقصان افتخار احمد کی وکٹ کی صورت میں ہوا جب وہ 24 رنز پر ٹم ساؤتھی کا شکار بن گئے۔
افتخار احمد کے آؤٹ ہونے کے بعد کسی بھی بیٹر نے بابر اعظم کا ساتھ نہ نبھایا اور یکے بعد دیگرے ایک ایک کر کے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں۔
پاکستان کی پانچویں وکٹ اعظم خان کی گری جب وہ 10 رن پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے  بعد شاہین شاہ آفریدی صفر پر آؤٹ ہوئے اور اُن کے بعد بابر اعظم بھی 57 کے انفرادی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کو آٹھواں نقصان اسامہ میر کی وکٹ کی صورت ہوا جبکہ نویں وکٹ عباس آفریدی کی گری۔
گرین شرٹس کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی حارث رؤف تھے جب وہ 180 کے مجموعی سکور پر ٹم ساؤتھی کی گیند پر مارک چیپمین کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
 
اس سے قبل جمعے کو آکلینڈ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد نیوزی لینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 226 رنز بنائے۔
نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل 61 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کین ولیمسن نے 57 اور فن ایلن نے 35 سکور بنائے۔
پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے اپنے ڈیبیو پر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین آفریدی نے تین اور حارث رؤف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان پہلے اوور میں ہی اٹھانا پڑ گیا جب ڈیوون کونوے صفر کے سکور پر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
پہلی وکٹ کے گرنے کے بعد کیوی بیٹرز سنبھل گئے جس کے بعد فن ایلن نے جارحانہ بیٹنگ کی۔
فن ایلن اور کین ولیمسن کے درمیان دوسری وکٹ کے لیے 28 گیندوں پر 49 رنز کی شراکت قائم ہوئی جس کے بعد فن ایلن 15 گیندوں پر 34 رنز بنا کر عباس آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
 

نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل 61 رنز بنا کر نمایاں رہے اور پلیئر آف دی میچ قرار پائے (فوٹو: اے ایف پی)

دو وکٹیں گرنے کے بعد کین ولیمسن اور ڈیرل مچل نے پاکستانی بولرز کے خلاف عمدہ بیٹنگ کی اور دونوں کے درمیان 40 گیندوں پر 78 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔
کیوی کپتان نے 9 چوکوں کی مدد سے 42 گیندوں پر 57 رنز بنائے جس کے بعد وہ عباس آفریدی کی گیند پر فخر زمان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
کین ولیمسن کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈیرل مچل اور گلین فلپس نے جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی اور چوتھی وکٹ کے لیے 20 گیندوں پر 36 رنز کی شراکت قائم کی۔
گلین فلپس 19 کے انفرادی سکور پر عباس آفریدی کی گیند پر بابر اعظم کو کیچ تھما بیٹھے۔
 


نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی چار وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)

آکلینڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں پاکستان کی جانب سے عباس آفریدی اور اسامہ میر نے ٹی20 ڈیبیو کیا۔
پاکستانی ٹیم نے اپریل 2023 کے بعد پہلی مرتبہ کوئی بھی ٹی20 میچ کھیلا۔
اس سیریز میں پاکستانی ٹیم کی قیادت نئے کپتان شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں جبکہ وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نائب کپتان ہیں۔
دوسری طرف اس میچ سے کین ولیمسن نے بطور کپتان اور کھلاڑی نیوزی لینڈ کی ٹی20 ٹیم میں واپسی کی ہے۔
پاکستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم میں محمد رضوان، صائم ایوب، بابر اعظم، فخر زمان، افتخار احمد، اعظم خان (وکٹ کیپر)، عامر جمال، اسامہ میر، شاہین شاہ آفریدی (کپتان)، عباس آفریدی اور حارث رؤف شامل تھے۔
نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون میں فِن ایلن، ڈیوون کونوے (وکٹ کیپر)، کین ولیمسن (کپتان)، ڈیرل مِچل، گلین فلپس، مارک چیپمین، ایڈم مِل، میٹ ہینری، ٹِم ساؤتھی، اِش سوڈھی اور بین سیئرز شامل تھے۔

شیئر: