پہلا ٹی20: انڈیا کی افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست، سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل
جمعرات 11 جنوری 2024 18:40
افغانستان کی جانب سے محمد نبی 42 رنز بنا کر نمایاں رہے (فوٹو: اے ایف پی)
انڈیا اور افغانستان کے درمیان جاری تین ٹی20 میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں انڈیا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
افغانستان کی جانب سے دیے گئے 159 رنز کے ہدف کو انڈیا نے 17.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔
ہدف کے جواب میں انڈیا کی جانب سے شیوَم دُوبے نے 60، جتیش شرما نے 31 اور تِلک ورما نے 26 رنز بنائے۔
افغانستان کے طرف سے بولنگ کرتے ہوئے مجیب الرحمان نے دو جبکہ عظمت اللہ عمرزئی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس میچ میں جیت کے بعد انڈیا کو سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
اس سے قبل جمعرات کو موہالی میں کھیلے جانے والے اس میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد افغانستان نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
افغانستان کی جانب سے محمد نبی نے 42، عظمت اللہ عمرزئی نے 29 اور کپتان ابراہیم زدران نے 25 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے مکیش کمار اور اکشر پٹیل نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی باہمی کرکٹ سیریز ہے۔
اس میچ میں انڈیا کے سپرسٹار بیٹر وراٹ کوہلی نے ذاتی وجوہات کے باعث حصہ نہیں لیا تاہم وہ سیریز کے باقی میچوں میں ٹیم کو دستیاب ہوں گے۔
اسی طرح دوسری جانب سٹار افغان لیگ سپنر راشد خان بھی انجری کے باعث اس میچ سے باہر تھے۔
انڈیا کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے انڈیا کی پلیئنگ الیون میں روہت شرما (کپتان)، شبھمن گِل، تِلک ورما، شیوَم دُوبے، جتیش شرما (وکٹ کیپر)، رِنکو سنگھ، اکشر پٹیل، واشنگٹن سُندر، روی بِشنوئی، ارشدیپ سنگھ اور مکیش کمار شامل تھے۔
افغانستان کی پلیئنگ الیون
اس میچ کے لیے افغانستان کی ٹیم میں رحمان اللہ گُرباز، ابراہیم زدران (کپتان)، عظمت اللہ عمرزئی، رحمت شاہ، محمد نبی، نجیب اللہ زدران، کریم جنت، گلبدین نائب، فضل حق فاروقی، نوین الحق اور مجیب الرحمان شامل تھے۔