دنیا بھر میں ذیابیطس کی شرح میں پاکستان پہلے نمبر پر آگیا
پیر 22 جنوری 2024 15:13
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ سے زیادہ ہے (گیٹی امیجز)
پاکستان ذیابیطس کی بیماری میں دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر موجود شماریاتی ڈیٹا شیئر کرنے والے اکاؤنٹ ’دی سپیکٹیٹر انڈیکس‘ کی جانب سے ’انٹرنیشنل ڈائبٹیز فیڈریشن‘ کے اعداد و شمار شیئر کیے گئے ہیں جن کے مطابق پاکستان میں شوگر کے مرض کی شرح 30.8 فیصد ہے۔
اس رپورٹ میں دنیا بھر سے 30 ممالک سے زائد کا ڈیٹا دیا گیا جس میں پاکستان کا پہلا نمبر ہے جب کہ دوسرے نمبر پر کویت ہے جہاں ذیابیطس کا مرض 24.9 فیصد ہے اور فہرست میں تیسرے نمبر پر موجود مصر میں شوگر کا مرض 20.9 فیصد ہے۔

ذیابیطس کے اعداد و شمار کے مطابق 19.5 فیصد کی شرح کیساتھ قطر چوتھے، 19 فیصد کی شرح کیساتھ ملیشیا پانچویں اور 18.7 فیصد کی شرح کیساتھ سعودی عرب چھٹے نمبر پر ہے۔
دوسری جانب ذیابیطس کے مریضوں کا سب سے کم تناسب نائیجیریا میں ہے جہاں یہ مرض 3.6 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔
انٹرنیشنل ڈائبٹیز فیڈریشن کے مطابق پاکستان میں شوگر کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔