عرب اتحاد نے صعدہ کمشنری میں حملوں کے دعوے مسترد کردیے
عرب اتحاد نے صعدہ کمشنری میں حملوں کے دعوے مسترد کردیے
بدھ 24 جنوری 2024 19:26
صعدہ کمشنری میں کسی بھی مقام پر کوئی فضائی کارروائی نہیں کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب کی زیر قیادت عرب اتحاد کے ماتحت جنگی کارروائی کا جائزہ لینے والی مشترکہ ٹیم نے صعدہ کمشنری کے سحار ضلع کے علاف رہائشی علاقے پر حملے کا دعوی مسترد کردیا۔
سرکاری خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مشترکہ ٹیم نے جائزہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ علاف کے حوالے دعوی کیا گیا تھا کہ 7 دسمبر 2021 کو رات گیارہ بجے اتحادی افواج کے حملے سے تین شہری ہلاک ہوئے۔
اس دعوے کی حقیقت جاننے کے لیے اس تاریخ اور اس سے پہلے اور بعد کی فضائی کارروائیوں کا پورا ریکارڈ چیک کیا گیا۔ جس سے حقائق سامنے آئے۔
علاف کا علاقہ صعدہ شہر کے جنوب مغرب میں سحار ضلع میں واقع ہے۔ الزام لگانے والوں نے متعین طور پر یہ نہیں بتایا کہ مبینہ تاریخ میں حملے کا ہدف کیا تھا۔
مشترکہ ٹیم کا کہنا کہ فریق مخالف نے حملے کے حوالے سے سات دسمبر2021 کی تاریخ کا تذکرہ کیا ہے۔
اس روز اتحادی افواج نے صعدہ کمشنری کے سحار ضلع میں کسی بھی مقام پر کوئی فضائی کارروائی نہیں کی۔
8 تاریخ کو بھی اتحادی افواج نے اس مقام پر کوئی فضائی حملہ نہیں کیا۔ فریق مخالف کے دعوے کو زمینی حقائق کی بنیاد پر مسترد کیا جاتا ہے۔
علاوہ ازیں عرب اتحاد کے ماتحت جنگی کارروائی کا جائزہ لینے والی مشترکہ ٹیم نے صعدہ کمشنری کے رازح ضلع میں ہیلتھ یونٹ پر حملے کا دعوی مسترد کردیا۔
ایس پی اے کے مطابق انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ڈاکٹروں کی تنظیم نے دعوی کیا تھا کہ یکم جولائی 2015 کو عرب اتحاد کے طیارے نے صعدہ کمشنری کے ضلع رازح کے ہیلتھ یونٹ پر بمباری کی جس سے پورا یونٹ تباہ اور ایک شہری زخمی ہوگیا تھا۔
عرب اتحاد کی مشترکہ ٹیم نے رپورٹ جاری کرکے بتایا تحقیقات میں پتہ چلا کہ النظیر ہیلتھ یونٹ صعدہ کمشنری کے مغربی ضلع رازح کے النظیر شہر میں ہے اور ہیلتھ یونٹ کا محل وقوع النظیر شہر کا ایک علاقہ ہے۔
یہ مقام اتحادی افواج کے ان مقامات کی فہرست میں شامل ہے جن پر حملہ نہیں کیا جاسکتا۔
مشترکہ ٹیم نے بتایا یکم جولائی 2015 کو عرب اتحاد کے طیارے نے النظیر ہیلتھ سینٹر کے 900 میٹر کے فاصلے پر ایک عسکری ہدف پر حملہ کیا تھا۔ حملے میں ایک بم استعمال کیا گیا تھا جو نشانے پر لگا تھا۔
مشترکہ ٹیم نے واضح کیا عسکری ہدف پر بم حملہ براہ راست کیا گیا تھا جو کامیاب رہا۔ ماہرین نے عسکری ہدف کی فضائی تصاویر بھی لیں۔
عسکری ہدف النظیر ہیلتھ سینٹر سے 900 میٹر کے فاصلے پر واقع ہے۔ عسکری ہدف پر فضائی حملے کے نشانات موجود ہیں۔
النظیر ہیلتھ سینٹر اور اس کے ماتحت عمارتوں میں سے کوئی بھی متاثر نہیں ہوئی تھی۔