ایمرجنسی دروازہ کھول کر طیارے کے پروں پر واک، مسافر گرفتار
یہ واضح نہیں کہ مذکورہ مسافر کو رہا کر دیا گیا یا اُس پر کوئی فردِ جرم عائد کی گئی۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
میکسیکو کے ایک ایئرپورٹ پر حکام نے مسافر کو اُس وقت گرفتار کر لیا جب وہ طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول کے اُس کے پروں پر چہل قدمی کرنے لگا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حراست میں لیے جانے والے مسافر نے یہ اقدام اُس وقت کیا جب گوئٹے مالا سٹی جانے والی پرواز تاخیر کا شکار ہوئی۔
طیارے میں موجود مسافروں نے بتایا کہ کئی گھنٹوں تک پرواز تاخیر کا شکار ہوئی اور جہاز کا ایئرکنڈیشنڈ نظام بند تھا جبکہ عملے کی جانب سے پانی بھی فراہم نہیں کیا گیا اور متعدد افراد حبس اور گھٹن کا شکار تھے۔
میکسیکو انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے بتایا کہ اس دوران کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا لیکن مذکورہ مسافر کو پولیس کے حوالے کیا گیا۔
طیارے کے دیگر مسافروں نے حراست میں لیے گئے شخص کے حق میں تحریری بیان جاری کیا اور کہا کہ ’ہر ایک اُن کی مکمل حمایت کرتا ہے۔‘
حکام کے مطابق یہ واقعہ جمعرات کو دن ساڑھے گیارہ بجے اُس وقت پیش آیا جب ایرومیکسیکو کی میکسیکو سٹی سے پرواز مقررہ وقت سے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔
واقعے کے حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پرواز میں تاخیر طیارے کے مرمتی کام کی وجہ سے ہوئی۔
حراست میں لیے گئے مسافر کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم اس کے اقدام کے بعد حکام نے وضاحت کی کہ طیارے کو تبدیل کیا جا رہا تھا۔
یہ واضح نہیں کہ مذکورہ مسافر کو رہا کر دیا گیا یا اُس پر کوئی فردِ جرم عائد کی گئی۔
حراست میں لیے گئے مسافر کے لیے ساتھی مسافروں کے ہاتھ سے لکھے گئے نوٹ کے مطابق ’میکسیکو سٹی سے گوئٹے مالا کی پرواز اے ایم 0762 کے تمام مسافر کہتے ہیں کہ جہاز میں موجود مسافر جس نے ہنگامی کھڑکی کھولی وہ سب کے تحفظ کے لیے تھا، ہر کسی کے تعاون سے، کیونکہ تاخیر اور ہوا کی کمی پیدا ہوئی جو مسافروں کی صحت کے لیے خطرناک صورتحال تھی۔‘
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے اس بیان میں مسافروں کے نام اور دستخط بھی ہیں جس پر لکھا گیا ہے کہ ’اس نے ہماری زندگیاں بچائیں۔‘