’یار کېنه‘، میں زبردست پشتو بول سکتا ہوں: نواز شریف کا سوات میں جلسے سے خطاب
جمعرات 1 فروری 2024 14:55
پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نے خیبر پختونخوا کے ضلع سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ن لیگ کو موقع دیا گیا تو خیبر پختونخوا کی تقدیر بدل دیں گے۔
جمعرات کو جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا کہ ان کے خاندان نے غم دیکھے ہیں لیکن قوم کا غم برداشت نہیں کر سکتے۔
انہوں نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں میں سے کسی ایک کو گھر ملا؟ خیبر پختونخوا کے سادہ لوگوں کو دھوکہ دیا گیا۔
نواز شریف کا مزید کہنا تھا کہ ’کہیں تبدیلی نظر نہیں آ رہی۔ مکر و فریب کی سیاست تھی جس کے جال میں آپ آ گئے۔‘
انہوں نے کہا کہ پختونخوا میں نیا موٹر وے، نئے کارخانہ اور ڈیم نظر بھی نہیں آ رہے۔
نواز شریف نے کہا کہ ’لواری ٹنل ہم نے بنائی اور جب 2018 کے الیکشن ہوئے تو چترال کے اندر ن لیگ کا امیدوار ہار گیا اور کسی اور پارٹی کا امیدوار جیت گیا۔ لواری ٹنل ہم بنائے چترال کے لیے اور ووٹ جائے کسی اور کو۔ یار خیبر پختونخوا والے لوگ ایسا نہیں کر سکتے۔ ایسا ہونا بھی نہیں چاہیے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ بہت اچھی پشتو بولتے ہیں۔ نواز شریف نے پشتو میں کہا کہ ’یار کینہ‘ مطلب کہ ’بیٹھ جائیں‘
’کیوں بھئی بات سمجھ میں آ رہی یا نہیں یا میں پشتو میں بات کروں۔ پشتو میں ایسی بولوں گا کہ آپ بھی پشتو بھول جائیں گے۔ میں بہت زبردست پشتو بولتا ہوں۔ اس لیے میں سمجھتا ہوں کہ مجھے بتائیں ایسے کوئی لوگ ہیں جن کو اردو سمجھ نہیں آتی اور جن کو سمجھ آتی ہے وہ بھی ہاتھ کھڑے کریں۔‘
ان کا مزید کہا تھا کہ ’آئندہ دھوکے میں نہیں آنا اور اگر حکومت میں آئے تو گھر کی دہلیز تک سہولیات دیں گے۔‘
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے لوگوں کے جذبات سے کھیل کر نہ گھر دیا گیا اور نہ روزگار۔