Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بائیکاٹ کا مقصد قطری نظام کی تبدیلی نہیں، الجبیر

ریاض ....سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا ہے کہ سعودی عرب دہشتگردی کی فنڈنگ کو جرم قراردیئے ہوئے ہے اور وہ دہشتگردی کے مصائب سے دوچار ہونے والے ان ممالک میں سے ایک ہے جو سب سے پہلے اس آفت سے دوچار ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نہیں پتہ کہ تہران میں بدھ کے حملے کس نے کئے۔ ہم کہیں بھی ہونے والے دہشتگردی کے حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔الجبیر نے بدھ کو برلن میں اپنے جرمن ہم منصب کے ساتھ سرکاری مذاکرات کئے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دونوں دوست ملکوں کے تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں ، انتہا پسندی اور دہشتگردی کے انسداد کیلئے جاری مشترکہ جدوجہد اور علاقائی و بین الاقوامی حالات حاضرہ پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے بتایا کہ میں نے جرمن وزیرخارجہ کو قطر کے خلاف اقدام کے محرکات سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمیں امید ہے کہ قطر انتہا پسند تنظیموں کی مدد اور خطے کے ممالک کے اندرونی امور میں مداخلت کی روش ترک کردیگا اور برادر ممالک کا اچھا ہمسایہ اور شریک فریق بن جائیگا۔ الجبیر نے کہا کہ قطر کے حوالے سے اقدامات کا مقصد نظام حکومت کو تبدیل کرنا نہیں بلکہ قطری حکمرانوں کو انتہا پسندی و دہشتگردی کی مدد کی پالیسی سے باز رکھنا ہے۔

شیئر: