جدہ میں سردی کی لہر بدھ تک، مختلف علاقوں میں دھول
’سعودی عرب کے مختلف شہروں میں آج گرد آلود ہوا چلے گی‘ ( فوٹو: سبق)
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ جدہ میں جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب درجہ حرارت 16 سینٹی گریڈ ریکارڈ کی گئی۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق جدہ میں بدھ تک سردی کی لہر رہے گی اور درجہ حرارت 17 سے 20 سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے مکہ مکرمہ، ریاض، عسیر، تبوک، نجران، الجوف، شمالی اور مشرقی ریجنوں میں گرد آلود ہوا اور ہلکی بارش کی توقع کی ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمے نے کہا ہے کہ ’ریاض ریجن میں الرین، القویعیہ، عفیف اور وادی الدواسر میں شام 6 بجے تک گرد رہے گی‘۔
’اسی طرح مکہ مکرمہ ریجن میں الخرمہ، المویہ، تربہ، رنیہ اور قنفذہ میں بھی یہی صورتحال ہوگی جہاں رات 8 بجے تک تیز ہوا بھی ہوگی‘۔
محکمے نے کہا ہے کہ ’الجوف، تبوک، نجران اور قرب و جوار کے علاقوں میں ہلکی بارش کی توقع ہے‘۔
دریں اثنا طقس العرب کے ماہرین نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب کے مختلف علاقوں میں آج بھی سردی کی لہر رہے گی‘۔