Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’مرتضٰی وہاب دبئی کو آپ کی فوری ضرورت ہے‘، بلاول کی تنقید کا جواب دینے کی کوشش

بلاول بھٹو نے الیکشن سے قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کو مباحثے کی دعوت دی تھی۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کراچی میں موسلادھار بارش کے بعد ایک ویڈیو ری پوسٹ کر کے تنقید کا جواب دینے کی کوشش کی ہے۔
پیر کو بلاول بھٹو زرداری نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کراچی کے میئر مرتضیٰ وہاب کو مینشن کرتے ہوئے ہوئے لکھا کہ ’دبئی کو آپ کی فوری ضرورت ہے۔‘
اس پرانی ویڈیو میں دبئی کی بعض سڑکوں کو بارش کے بعد سیلابی پانی میں ڈوبے دکھایا گیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی پوسٹ پر اُن کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’سو فیصد متفق۔‘
اریشہ پرویز نامی صارف نے تنقید کرتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی کہ ’لاس اینجلس کو بھی مرتضیٰ وہاب کی ضرورت ہے۔‘

سابق وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان نے پوسٹ کیا کہ موسمیاتی تبدیلی ایک حقیقت ہے جو خطوں اور لوگوں کو غیر متناسب طور پر متاثر کرتی ہے لیکن یہ زہریلی اخراج میں کمی کے بغیر ختم نہیں ہو گا۔ ایک سادہ سا سچ جسے دوبارہ بیان کرنے کی ضرورت ہے۔
سابق وفاقی وزیر کے پوسٹ کے جواب میں کسی نے لکھا کہ ’بالکل صحیح! لیکن ہم جاری انتخابی مہم کے دوران اہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے اٹھائے گئے ماحولیاتی بحث یا خدشات کو نہیں دیکھ رہے۔ یہ واقعی پریشان کن ہے۔‘
شیری رحمان نے جواب دیا کہ ’نہیں، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری مسلسل اس بارے میں بات کر رہے ہیں۔‘
سنیچر کو ہونے والی شدید بارش کے باعث کراچی شہر کے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے تھے جس کی وجہ سے متعدد علاقوں میں بجلی بھی غائب رہی۔
کراچی میں موسلادھار بارش نے جہاں انتظامیہ کو مشکل میں ڈالا ہوا تھا، وہیں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر عوام نے بھی شدید برہمی کا اظہار کیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ کراچی میں بارش سے بننے والی صورتحال سے کارکردگی کا موازنہ ہو گیا۔
شہباز شریف نے کہا تھا کہ ’اگر خدانخواستہ یہ حالت لاہور میں ہوتی تو بلاول سے کہتا کہ آئیں میرے حلقے سے الیکشن لڑ لیں، میں سیاست چھوڑ رہا ہوں۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی مہم کے دوران مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف کو مباحثے کی دعوت دی تھی۔
جس کے جواب میں شہباز شریف نے کہا تھا کہ وہ نواز شریف کو مناظرے کے بجائے سندھ کے معائنے کی دعوت دیتے تو اچھا ہوتا۔

شیئر: