Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا نے ورلڈ کپ 2026 کے میچز کا شیڈول جاری کر دیا

فیفا ورلڈ کپ 2026 کا افتتاحی میچ میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا (فوٹو: اے ایف پی)
فٹ بال کی عالمی گورننگ باڈی فیفا نے ورلڈ کپ 2024 کے شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔
اتوار کو جاری کیے گئے شیڈول کے مطابق 2026 کا فیفا ورلڈ کپ 11 جون کو میکسیکو سٹی میں شروع ہوگا اور 19 جولائی کو نیو جرسی میں فائنل کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا۔
شیڈول کے مطابق 39 دن تک جاری رہنے والا یہ فیفا کا اب تک کا سب سے طویل ورلڈ کپ ہوگا۔ اس سے قبل قطر میں 2022 کا فیفا ورلڈ کپ صرف 29 دنوں میں مکمل ہوا تھا۔
2026 کے ورلڈ کپ میں 48 ٹیمیں حصہ لیں گی اور تین ممالک کے 16 مختلف شہروں میں 104 میچز کھیلے جائیں گے۔

اس مرتبہ فٹبال ورلڈ کپ کی میزبانی امریکہ، کینیڈا اور میکسیکو کریں گے، جس میں سے 78 میچز امریکہ جبکہ کینیڈا اور میکسیکو میں 13،13 میچز کھیلے جائیں گے۔
فیفا ورلڈ کپ میں 32 ٹیمیں شامل ہوتی تھی لیکن 2026 میں 48 ٹیمیں ٹورنامنٹ میں حصہ لیں گی جبکہ ایک اضافی ناک آؤٹ راؤنڈ بھی ہو گا۔
ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ میکسیکو کی ٹیم میکسیکو سٹی کے ازٹیکا اسٹیڈیم میں کھیلے گی۔
فیفا ٹورنامنٹ چار ٹیموں کے 12 گروپس کی شکل میں ہوگا جس میں ٹاپ ٹو ٹیموں کے ساتھ آٹھ بہترین تیسرے نمبر پر آنے والی ٹیمیں ناک آؤٹ کیلئے بڑھیں گی۔ اس کے بعد سے ٹورنامنٹ ایک سیدھا ناک آؤٹ فارمیٹ ہے جس میں فائنلسٹ کو سات کے بجائے آٹھ گیمز کھیلنے ہوں گے۔
ٹورنامنٹ کے 16 میزبان شہروں میں اٹلانٹا، بوسٹن، ڈلاس، گواڈالاجارا، ہیوسٹن، کنساس سٹی، لاس اینجلس، میکسیکو سٹی، میامی، مونٹیری، نیویارک نیو جرسی، فلاڈیلفیا، سان فرانسسکو بے ایریا، سیئٹل، ٹورنٹو اور وینکوور شامل ہیں۔

شیئر: