اسلام آباد سے مری اور آگے کشمیر تک ٹرین چلانے کا منصوبہ ہے: نواز شریف
نواز شریف کا کہنا تھا کہ ’جس نے مجھے نکالا وہ آج خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا ہے۔‘ فوٹو: مسلم لیگ ن
پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف نے کہا ہے کہ اسلام آباد سے مری تک ٹرین لائیں گے جس کو آگے مظفرآباد اور کشمیر تک لے کر جانے کا منصوبہ ہے۔
پیر کو مری میں الیکشن مہم کے سلسلے میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے انہوں نے عمران خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ’وہ کہتے ہیں کہ یوتھ ہمارے ساتھ ہے، یوتھ تو یہاں میرے ساتھ کھڑی ہے۔‘
سابق وزیراعظم نے سپریم کورٹ کے مستعفی ہونے والے جسٹس اعجازالاحسن کا نام لیے بغیر اُن پر بھی تنقید کی۔
ان کا کہنا تھا کہ ’جس نے مجھے نکالا وہ آج خود استعفیٰ دے کر گھر چلا گیا ہے۔‘
نواز شریف نے کہا کہ ’دال میں کچھ تو کالا ہے، چور کی داڑھی میں تنکا ہے، وہ شخص آٹھ ماہ بعد چیف جسٹس بننے والا تھا تو پھر مستعفی کیوں ہوا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’مجھے بہت افسوس ہے کہ میرے جانے کے بعد اس ملک کو کیا ہو گیا۔ میرے دور میں ملک ترقی کر رہا تھا۔‘
سابق وزیراعظم نے پنڈال میں کارکنوں کو مخاطب کر کے پوچھا کہ ’پھر مجھے کیوں نکالا، جس نے مجھے نکالا، کیا اچھا کیا یا برا کیا۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’جب میں وزیراعظم تھا تو لوگوں کی خدمت کر رہا تھا۔ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا اور بجلی سستی کی۔ مہنگائی ختم کی اور موٹروے بنائی۔ ڈالر 104 روپے کا تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’میں سنہ 1956 میں پہلی بار مری آیا تھا۔ کل مری پہنچا تو راستے میں ٹریفک جام تھا۔ بہت برسوں کے بعد مری آیا ہوں۔ لاہور کے بعد سب سے زیادہ مری میں قیام پذیر رہا۔‘
نواز شریف نے کہا کہ مری کے چاروں طرف سے موٹروے آئے گی۔ خواہش ہے کہ مری تک ٹرین آئے، آگے مظفر آباد تک ٹرین جائے۔ یہ کشمیر تک بنانے کا منصوبہ ہے۔
جلسے سے خطاب میں ن لیگ کی رہنما مریم نواز کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت بنی تو مری میں سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال بنایا جائے گا۔
مریم نواز کے مطابق ’جب نواز شریف آتا ہے تو کاروبار چلتا ہے اور مزدور کا چولہا جلتا ہے۔‘