Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ادویات کی ڈیلیوری سروس کامیاب، 3 برسوں میں 20 لاکھ پارسل

مملکت کے 200 سے زیادہ ہسپتالوں میں ادویات کی ہوم ڈیلیوری سروس ہے۔ (فوٹو اخبار 24)
 
وزارت صحت کی جانب سے مریضوں کو ان کی رہائش پر ادویات پہنچانے کی سروس کامیابی سے جاری ہے۔ گزشتہ 3 برس قبل شروع کی جانے والی ڈیلیوری سروس کے تحت اب تک 20 لاکھ ادویات کے پارسل ڈیلیور کرائے جاچکے ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت صحت نے سال 2020 میں ایسے مریض جنہیں ہسپتال آنے میں دشواری تھی ان کی سہولت کے لیے ادویات کی ’ہوم ڈیلیوری‘ سروس کا آغاز کیا تھا۔
ادویات کی ہوم ڈیلیوری سروس معذور افراد، نفسیاتی امراض میں مبتلا اور دیگر خطرناک وبائی مریضوں کے علاوہ ایسے افراد کو بھی فراہم کی جاتی ہے جو معمر ہوں اور انہیں ہستپال جانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہو۔
وزارت صحت کی ہوم ڈیلیوری سروس کے تحت ادویات کی ترسیل کے لیے عالمی معیار کے مطابق ادویات کی حفاظت کے لیے خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے ۔

ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز سال 2020 میں کیا گیا۔ (فوٹو الیوم)

ارسال کی جانے والی ادویات کو فارمیسی سے لے جانے کے لیے خصوصی طور پرڈیزائن کیے گئے پیکٹوں میں پیک کرنے کے بعد انہیں مخصوص درجہ حرارت کے کنٹینرز میں رکھا جاتا ہے تاکہ ادویات گرمی سے خراب نہ ہوں۔ ایسی ادویات جن میں انجکشنز وغیرہ شامل ہوتے ہیں جنہیں کم درجہ حرارت درکار ہوتا ہے ان کی منتقلی کے لیے جو کنٹینرز مہیا کیے جاتے ہیں ان میں مطلوبہ درجہ حرارت جو کہ 2 ڈگری سے 8 ڈگری تک ہوتا ہے کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔
وزارت صحت کا مزید کہنا تھا کہ ادویات کی ہوم ڈیلیوری سروس کا آغاز سال 2020 میں کیا گیا۔ پہلے برس ایک لاکھ 6 ہزار 186 ادویات ارسال کی گئیں جبکہ سال 2021 میں 6 لاکھ 99 ہزار 866 اور سال 2022 میں 6 لاکھ 53 ہزار 291 جبکہ سال 2023 میں 7 لاکھ 33 ہزار 657 ادویات ارسال کی گئیں۔
وزارت صحت کی جانب سے مملکت کے مختلف علاقوں میں 200 سے زیادہ ہسپتالوں میں ادویات کی ہوم ڈیلیوری سروس کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں
 

شیئر: