Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’علی ظفر نے اینتھم پی ایس ایل کے لیے بنایا ہے یا عمران خان کے لیے‘

پی ایس ایل کے پہلے میچ میں لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں گی (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے نویں ایڈیشن کے لیے آفیشل اینتھم ریلیز کر دیا گیا ہے۔
پی ایس ایل 9 کے لیے اس مرتبہ کا آفیشل نغمہ معروف گلوکار علی ظفر اور گلوکارہ آئمہ بیگ نے گایا ہے۔
اس مرتبہ ریلیز ہونے والے پی ایس ایل اینتھم کا ٹائٹل ’کھل کے کھیل‘ رکھا گیا ہے جس میں لیگ میں شریک ٹیموں اور کھلاڑیوں کو بغیر کسی خوف اور خطرے کے کھل کر کھیلنے پر ابھارا گیا ہے۔
بدھ کو ریلیز ہونے والے پی ایس ایل اینتھم ’کھل کے کھیل‘ کی ویڈیو میں علی ظفر اور آئمہ بیگ کو گاتے اور جھومتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب پی ایس ایل 9 کا آغاز 17 فروری سے ہو رہا ہے جس کے پہلے میچ میں دفاعی چیمپیئن لاہور قلندرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیمیں قذافی سٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے آئیں گی۔
 
پی ایس ایل 9 کے آفیشل اینتھم کے ریلیز ہونے کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر صارفین کے ملے جلے تاثرات بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
اریہا فاطمہ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’جو مرضی کہیں، گرُوو میرا پی ایس ایل کا بہترین اینتھم تھا۔ نصیبو لعل اور ینگ سٹنرز نے ہمیشہ کے لیے دھوم مچا دی تھی۔‘
 
علی نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’سچ بتاؤں تو یہ اینتھم ففٹی ففٹی ہے، نہ یہ اتنا اچھا ہے اور نہ ہی اتنا برا ہے۔‘
 
مسٹر ضیا نے اپنی ٹویٹ میں تبصرہ کیا کہ ’میں نے اینتھم نہیں سنا لیکن میں سمجھتا ہوں کہ چاہت فتح خان اس سے زیادہ بہتر گا سکتے ہیں۔‘
 
عمار ملک ٹویٹ میں لکھتے ہیں کہ ’اسے کہتے ہیں پی ایس ایل اینتھم۔ کافی دیر بعد اتنا مزیدار گانا سنا۔ علی ظفر آپ نے اچھا کام کیا ہے۔‘
 
حسن نے اپنی ٹویٹ میں سوال کیا کہ ’سٹار کھلاڑیوں کو دکھانے کے بجائے یہ دونوں تین منٹوں تک کیوں اچھلتے رہے ہیں؟ بہت بری ویڈیو ہے۔‘
 
عرفان علی لکھتے ہیں کہ ’یہ اینتھم بابر اور رضوان پر ذاتی حملہ ہے۔‘
 
ٹوئٹر ہینڈل ایم ڈبلیو نے لکھا کہ ’علی ظفر نے اینتھم پی ایس ایل کے لیے بنایا ہے یا عمران خان کے لیے۔‘
 

 

شیئر: