’قبل ازگرفتاری ضمانت کرائیں گے‘، الیکشن کمیشن کشمیر کا علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کا حکم
جمعرات 15 فروری 2024 11:33
علی امین گنڈاپور کے خلاف کشمیر کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس ہے۔ فائل فوٹو: اے پی پی
پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلٰی علی امین گنڈاپور کو گرفتار کرنے کے وارنٹ جاری کیے ہیں جبکہ تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا کہ عدالت سے قبل ازگرفتاری ضمانت حاصل کی جائے گی۔
جمعرات کو ارسال کیے گئے ایک مراسلے میں کشمیر کے چیف الیکشنر کمشنر نے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے ڈپٹی کمشنر کو علی امین گنڈاپور کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے 14 فروری کو خیبر پختونخوا کے نامزد وزیراعلٰی کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے۔
علی امین گنڈاپور کے خلاف کشمیر کے انتخابات میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا کیس ہے۔
پی ٹی آئی کے ترجمان معظم علی بٹ نے اردو نیوز کو بتایا کہ ایف آئی آر کے سامنے آنے کے بعد فوری طور پر ضمانت قبل از گرفتاری کرنی پڑے گی جو ایک قانونی طریقہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور اس سے پہلے بھی تمام کیسز میں ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ علی امین گنڈا پور اس سے قبل بھی تمام مقدمات میں ضمانت حاصل کر چکے ہیں۔ ’اب جو داد رسی ہوگی وہ عدالت کے ذریعے ہوگی۔‘
علی امین گنڈاپور کو تحریک انصاف کی جانب سے خیبرپختوانخوا کا وزیراعلٰی نامزد کیا گیا ہے۔
8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار علی امین گنڈا پور نے این اے 44 ڈی آئی خان سے 93،443 ووٹ حاصل کر کے جمعیت علماء اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو شکست دی تھی۔
علی امین گنڈاپور 2013 میں پہلی بار پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر پی کے 64 ڈی آئی خان سے کامیاب ہو کر صوبائی کابینہ میں شامل ہوئے تھے۔
انہوں نے سابق وزیر اعلٰی پرویز خٹک کی حکومت میں بطور صوبائی وزیر مال کے طور عہدہ سنبھالا۔
سنہ 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کا الیکشن لڑے اور این اے 38 ڈی آئی خان سے جیت گئے۔ علی امین گنڈا پور کو 5 اکتوبر 2018 کو امورِ کشمیر و گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر کا قلمدان دیا گیا تھا۔