Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا نامزد کر دیا

علی امین گنڈاپور وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان رہ چکے ہیں۔ (فائل فوٹو)
پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
منگل کو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ڈیرہ اسماعیل خان سے منتخب ہونے والے امیدوار علی امین گنڈاپور کی نامزدگی کا اعلان اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں کیا۔
وزیراعلٰی خیبر پختونخوا کے لیے مشتاق غنی، تاج محمد خان ترند اور علی امین گنڈا پور کے نام زیرِ غور تھے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن کو تین کے علاوہ دیگر جماعتوں کو اکٹھا کرنے کا کہا ہے۔ ’ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم سے حکومت بنانے کے لیے کوئی بات چیت نہیں ہو گی۔‘
انہوں نے کسی بھی سرکاری عہدیدار سے ملاقات کی بھی تردید کی۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں آزاد اور شفاف انتخابات واحد حل ہیں۔ ’دھاندلی کے خلاف آواز اٹھانے والی تمام جماعتوں کو اکٹھا کر رہے ہیں۔‘
علی امین گنڈاپور 2018 میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان جبکہ 2013 میں خیبر پختونخوا کی حکومت میں وزیر مال رہ چکے ہیں۔
پہلی مرتبہ پی ٹی آئی نے 2013 میں خیبر پختونخوا میں حکومت بنائی تھی جس کے وزیراعلٰی پرویز خٹک تھے۔
دوسری مرتبہ 2018 میں حکومت بنائی جس کے وزیراعلٰی محمود خان تھے۔
9 مئی کے واقعات کے بعد پرویز خٹک اور محمود خان نے پی ٹی آئی کو خیرباد کہہ دیا تھا اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے نام سے ایک الگ پارٹی بنائی۔

شیئر: