Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد حفیظ نے کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر کا عہدہ چھوڑ دیا

آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران محمد حفیظ کے کھلاڑیوں سے اختلافات کی خبریں بھی پاکستانی میڈیا کی زینت بنی رہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ نے اپنا عہدہ چھوڑ دیا ہے۔
اس حوالے سے جمعرات کو پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایکس پر ایک ٹویٹ میں محمد حفیظ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ’پاکستان کرکٹ بورڈ پاکستان مینز کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر محمد حفیظ کا ان کی بیش بہا شراکت پر تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہے۔ حفیظ کے کھیل کے جنون نے کھلاڑیوں کو متاثر کیا اور آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران ان کی مینٹورشپ بہت اہمیت کی حامل رہی۔‘
’پی سی بی حفیظ کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں اور کامیابی کی خواہش کرتا ہے۔‘
خیال رہے محمد حفیظ نے پاکستان کی ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کے بعد کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے میں ہونے والی تبدیلیوں کے بعد یہ عہدہ سنبھالا تھا۔ اور ان کا پہلا امتحان آسٹریلیا میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز تھی جو پاکستان تین صفر سے ہار گیا تھا۔ اس کے بعد نیوزی لینڈ کے ساتھ پانچ ٹی20 میچز کی سیریز میں بھی گرین شرٹس کو مسلسل چار میچوں میں شکست ہوئی تھی۔
آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورے کے دوران محمد حفیظ کے کھلاڑیوں سے اختلافات کی خبریں بھی پاکستانی میڈیا کی زینت بنی رہیں۔
اس کے علاوہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی سربراہی بھی گذشتہ آٹھ مہینوں سے تنازع کا سبب بنی رہی۔ سیاسی وجوہات پر گذشتہ برس جون میں نجم سیٹھی کے پی سی بی کی عبوری مینجمنٹ کمیٹی کی سربراہی سے استعفے کے بعد ذکا اشرف میدان میں آئے لیکن وہ بھی رواں برس 19 جنوری کو مستعفی ہو گئے۔
اس کے بعد رواں مہینے چھ فروری کو صوبہ پنجاب کے نگراں وزیراعلٰی محسن نقوی بلامقابلہ تین برس کے لیے چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی) منتخب ہو گئے۔

شیئر: