مملکت کے یوم تاسیس کی تعطیلات سعودی کہاں گزاریں گے؟
اندرون مملکت بھی سیاحت میں اضافہ ہوا ہے (فوٹو: عرب نیوز)
امسال سعودی عرب کے یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والی تعطیلات میں زیادہ تر سعودی شہریوں نے مصر جانے کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔
العربیہ نیوز کے مطابق امسال یوم تاسیس کے موقع پر سرکاری اداروں میں تین روزہ تعطیلات ہوں گی۔ اس حوالے سے سعودی شہریوں نے آن لائن مختلف ممالک جانے کے لیے ایئرلائن کے ٹکٹوں اور ٹریول پیکیجز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
سرچ انجن ’ایوری ویئر‘ کے مطابق امسال یوم تاسیس کی تعطیلات میں بیرون ملک جانے والوں کی ممکنہ تعداد میں گزشتہ برس 2023 کے مقابلے میں71 فیصد اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سفرو سیاحت کے حوالے سے ایک اور ویب سائٹ کا کہنا ہے کہ اندورن مملکت سیاحت میں بھی غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سیاحت کے حوالے سے مملکت پانچ ممالک میں سرفہرست رہا۔
ویب سائٹ کے مطابق یوم تاسیس کی تعطیلات کے حوالے سے 10 ممالک کے بارے میں لوگوں نے سرچ کیا جن میں سرفہرست ممالک میں مصر دوسرے نمبر پر انڈیا، تیسرے پر ترکیہ جبکہ دسواں نمبر انڈونیشیا کا رہا۔
اس حوالے سے ایک ٹور آپریٹنگ کمپنی کے ذمہ دار کا کہنا تھا کہ مملکت کے یوم تاسیس کے موقع پر ہونے والی تعطیلات سے لطف اندوز ہونے والوں کی کوشش ہوتی ہے کہ کم اخراجات میں بہتر تفریح کی جاسکے۔ اس حوالے سے سب سے زیادہ لوگوں کی توجہ مصر کی جانب رہی جو اپنے اہل خانہ کے ہمراہ وہاں جانے کے خواہش مند ہیں۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں