سعودی عرب 2027 میں 11 ویں ورلڈ واٹر فورم کی میزبانی کرے گا
اتوار 18 فروری 2024 20:48
’ورلڈ واٹر فورم‘ پانی کے انتظامات کے حوالے سے بڑا ایونٹ شمار ہوتا ہے(فوٹو: عرب نیوز)
سعودی عرب 2027 میں ہونے والے11 ویں ورلڈ واٹر فورم کی میزبانی کرے گا۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ورلڈ واٹر کونسل کے حکام نے اٹلی میں اکثریتی ووٹ حاصل کرنے کے بعد فورم کی میزبانی کےلیے سعودی عرب کے نام کا اعلان کیا۔
فورم کے ذریعے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، پانی کے تحفظ، معیار زندگی کو بہتر بنانے، پانی کی فراہمی سے متعلق علاقائی اور عالمی مسائل سے نمنٹے کےلیے سعودی حکو مت کے عزم کو اجاگر کیا جائے گا۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی اور زراعت عبدالرحمن الفضلی نے کہا کہ ’فورم کی میزبانی کےلیے مملکت کا انتخاب پانی کی کمی کے باجود ترقیاتی، اقتصادی اور سماجی اہداف کو پورا کرنے کے حوالے سے مملکت کی کامیابیوں کو ظاہر کرتا ہے۔‘
یاد رہے کہ سعودی عرب نے ورلڈ واٹر فورم کے 2027 میں ہونے والے سیشن کی میزبانی کے لیے درخواست جمع کرائی تھی۔
یہ درخواست آبی ذخائر کی بقاء، معیار زندگی کی بہتری، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول، خطے اور عالمی سطح پر پانی کے مسائل کی نمٹنے میں قائدانہ کردار میں سعودی عرب کی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہے۔
ورلڈ واٹر کونسل کے زیر انتظام ’ورلڈ واٹر فورم‘ پانی کے انتظامات سے متعلق سب سے بڑا ایونٹ شمار ہوتا ہے۔ اس فورم میں دنیا کی مختلف حکومتیں، تنظیمیں، سرکاری حکام اور تمام متعلقہ شعبوں کے ماہرین اپنے تجربات کے تبادلے اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات چیت کرتے ہیں۔
فورم میں عالمی سطح پر آبی ذخائر کو دیرپا بنانے سے متعلق ضروری اقدامات سے متعلق تفاصیل پیش کرنے کا موقع بھی ملتا ہے۔
دنیا میں سب سے کم آبی وسائل والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود مملکت نے فورم کی میزبانی کے لیے درخواست دی کیونکہ مملکت کے پاس اس شعبے کو منظم کرنے والے جدید انفرسٹرکچر، ضوابط اور قانون سازی ہے۔