عمارتوں میں نصب ناکارہ فائرالارم سسٹم پر جرمانہ ہوگا، شہری دفاع
عمارتوں میں فائرالارم سسٹم نصب نہ ہونے پراین او سی جاری نہیں کیا جاتا (فوٹو، ایکس اکاونٹ)
شہری دفاع کا کہنا ہے کہ عمارتوں میں فائرالارم کی تنصیب لازمی ہے۔ ناکارہ فائرسسٹم قانونی خلاف ورزی شمار کی جاتی ہے جس پرجرمانہ مقرر ہے۔
سبق نیوز کے مطابق شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے تمام ریجنز میں عمارتوں کی چیکنگ مہم جاری ہے۔ ادارے کی ٹیمیں قانون کے مطابق کمرشل عمارتوں کا معائنہ کررہی ہیں۔
فائرسسٹم کے حوالے سے شہری دفاع کے ٹوئٹر پرمزید کہا گیا ہے کہ عمارتوں میں فائرالارم ہونا ضروری ہے۔ ایسی عمارتیں جہاں فائرالارم نصب تو ہیں مگر انکی دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے وہ ناکارہ ہوتے ہیں جس کے باعث خطرناک صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ایسی عمارتیں جہاں ناکارہ سسٹم نصب ہیں ان کے مالکان پرجرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔
واضح رہے سعودی عرب میں سرکاری اور نجی کمرشل عمارتوں میں فائرالارم اور فائٹنگ سسٹم کی تنصیب ضروری ہے جس کے نہ ہونے پر شہری دفاع کی جانب سے عمارت کو این او سی جاری نہیں کیا جاتا۔