ہندو مذہب سے متعلق قابل اعتراض ٹویٹ پر اداکار وکرانت ماسے نے معافی مانگ لی
جمعرات 22 فروری 2024 6:51
وکرانت ماسی کو آخری مرتبہ بڑے پردے پر فلم ’12ویں فیل‘ میں دیکھا گیا تھا (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ کے اداکار وکرانت ماسے نے 2018 میں ہندو مذہب کے متعلق کی گئی اپنی قابل اعتراض ٹویٹ پر معافی مانگ لی ہے۔
ویب سائٹ ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق 2018 میں وکرانت ماسے نے انڈیا کے زیر انتظام کشمیر میں 8 برس کی لڑکی کے گینگ ریپ اور قتل پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹ کی تھی۔
وکرانت ماسے نے اپنی ٹویٹ میں ہندو مذہب کے متعلق قابلِ اعتراض کارٹون شیئر کیا تھا۔
اداکار کی یہ ٹویٹ حالیہ دنوں میں ایک مرتبہ پھر سے سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگ پڑی جو انہوں نے ڈیلیٹ کر دی۔
دوسری جانب وکرانت ماسے نے بدھ کو اپنی پرانی ٹویٹ پر عوام سے معافی مانگ لی ہے۔
اداکار نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’2018 میں کئی گئی میری ایک ٹویٹ کے بارے میں میں یہ کہنا چاہوں گا کہ ہندو کمیونٹی کو دکھ پہنچانے اور جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی میری کوئی نیت نہیں تھی۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’میں اُن تمام لوگوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں جن کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔‘
خیال رہے وکرانت ماسے کو آخری مرتبہ بڑے پردے پر فلم ’12ویں فیل‘ میں دیکھا گیا تھا۔
فلم 12ویں فیل میں عمدہ پرفارمنس دکھانے پر وکرانت ماسے کو فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا ہے۔