پاکستانی چاول کی درآمد بڑھانے کے لیے سعودی عرب کے اقدامات
سعودی سرمایہ کاروں نے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے (فوٹو: الاقتصادیہ)
سعودی عرب آئندہ پانچ سالوں میں پاکستان سے براہ راست چاول کی درآمد بڑھانے کے لیے اقدامات کررہا ہے۔
الاقتصادیہ کے مطابق پاک سعودی بزنس فورم کے صدر انجینیئر فہد الباش نے کہا کہ اعلی کوالٹی کا پاکستانی چاول کی درآمد بڑھانے کےلیے ایک رپورٹ تیار کی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مشترکہ بزنس فورم سعودی عرب میں پاکستانی چاول کے لیے ایک راہداری کرنے کا ارداہ رکھتا ہے جس کے ذریعے مملکت اور خلیجی ممالک میں پاکستانی چاول درآمد کیے جائیں گے جبکہ ایک لاجسٹک زون بھی قائم کیا جائے گا۔
انجینیئر فہد الباش کا کہنا تھا کہ سعودی سرمایہ کاروں نے پاکستان کے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔
زرعی شعبے میں تعاون سے متعلق انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بڑی اور معروف کمپنیوں سے معاہدوں کے ذریعے براہ راست پاکستانی کاشتکاروں سے زرعی پیداوار کو حاصل کیا جائے گا اوراسے سعودی مارکیٹ میں صارف تک کم قیمت پر پہنچایا جائے گا۔
واضح رہے ریاض میں پاک سعودی بزنس فورم میں پاکستان کے نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
فورم میں دوطرفہ تجارتی تعاون بڑھانے اور سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سرمایہ کاری، مشترکہ منصوبوں، تعمیراتی خدمات، آئی ٹی، خوراک ٹیکسٹائل اور مالیاتی خدمات سمیت مختلف کاروباری شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا گیا۔
نگراں پاکستانی وزیر تجارت گوہر اعجاز نے کہا کہ آزاد تجارت کا معاہدہ سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرے گا اور پاکستان میں سعودی و خلیجی سرمایہ کاری کو تحفظ فراہم کرے گا۔
گوہر اعجاز نے پاک، سعودی تجارتی حجم کو 20 ارب ڈالر تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔