سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق 22 فروری کے دن مملکت کے یوم تاسیس کے حوالے سے تعطیل عام تھی جبکہ تمام ریجنز اور شہروں میں اس حوالے سے رنگا رنگ پروگرامز پیش کیے گئے تھے۔
بعض شہروں میں پروگرامز کا سلسلہ آج بھی جاری رہے گا۔
حائل ریجن کی انتظامیہ نے جہاں دن کو مختلف نوعیت کے تفریحی پروگرامز کا انعقاد کیا وہاں رات کے وقت خصوصی طور پر ڈرونز شو کا اہتمام کیا گیا۔
ڈرونز میں لگی رنگ برنگی روشنیوں سے آسمان پر تھری ڈی ٹیکنالوجی کے ذریعے سعودی عرب کا پرچم ، کلمہ طیبہ اور یوم تاسیس کے لوگو بنائے گئے۔
حاضرین کا کہنا تھا کہ اتنا خوبصورت شو پیش کرنے پر انتظامیہ مبارک باد کی مستحق ہے۔ شو دیکھنے والوں نے ڈرونز کے ذریعے بنائے گئے آرٹ کی وڈیو گرافی بھی کی۔