’سعودی عرب 2040 تک دنیا کی 15 ویں بڑی معیشت بنے گا‘
2040 میں سعودی عرب کی متوقع جی ڈی پی 2.4 ٹریلین ڈالر تک ہوگی( فوٹو: عکاظ)
امریکی سرمایہ کاری بینک ’گولڈمین ساکس‘ کی حالیہ رپورٹ میں 2040 تک سعودی عرب دنیا کی 15 ویں بڑی معیشت بنے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
عکاظ کے مطابق مالیاتی ادارے نے اپنے رپورٹ میں کہا کہ 2040 میں سعودی عرب کی متوقع جی ڈی پی 2.4 ٹریلین ڈالر (9 ٹریلین ریال) جبکہ مملکت کی آبادی 45 ملین تک پہنچ جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق 2040 میں چین امریکا کو پیچھے چھوڑ کر 34.1 ٹریلین ڈالر جی ڈی پی کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت بننے جا رہا ہے جبکہ امریکا کی جی ڈی پی 32 ٹریلین ڈالر تک پہنچ جائے گی۔
علاوہ ازیں عالمی معیشت کی شرح نمو رواں سال 3.1 فیصد پر برقرار رہے گی جبکہ آئندہ سال اس میں 3.2 فیصد تک مستحکم رہے گی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ماحولیاتی تبدیلی، آبادی میں کم اضافے اور جیوپولیٹیکل خدشات میں اضافے کے باعث عالمی سطح پر معاشی تیزی کی واپسی مشکل ہے۔
’2024 سے 2029 کے درمیان عالمی شرح نمو 2.8 فیصد رہے گی اور اس کے بعد کے برسوں میں اس میں مزید کمی متوقع ہے‘۔
امریکی بینک نے ایشیا کی بڑی معیشتوں کے حوالے سے کہا کہ آنے والے برسوں میں یہ ممالک دنیا کے امیر ترین ممالک کے ہم پلہ ہوں گے۔
اس سے قبل عالمی مالیاتی فنڈ کی رپورٹ میں بھی توقع ظاہر کی گئی تھی کہ 2030 تک 16 ایشیائی ممالک دنیا کے نمایاں ترین معیشتوں میں شامل ہوں گے۔
گولڈمین رپورٹ 2050 میں دنیا کی 6 بڑی معیشتوں کے بارے میں بتایا گیا ان میں امریکا اور جرمنی کے علاوہ چین، انڈیا، انڈونیشیا اور جاپان شامل ہیں۔
اقوام متحدہ کے اعداد وشمار کے مطابق آئندہ 30 برسوں کے دوران دنیا کی آبادی میں 2 ارب کا اضافہ متوقع ہے۔ 2050 میں دنیا کی آبادی 9.7 ارب تک پہنچ جائے گی۔