سفارتی مشنز مویشیوں میں پھیلنے والی بیماریوں سے مطلع کریں: وقاء مرکز
مویشیوں اور نباتی امراض کی روک تھام کے قومی مرکز وقاء کی جانب سے بیرون مملکت سعودی سفارتکاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ان ممالک میں مویشیوں میں پھیلنے والے وبائی امراض کے بارے میں فوری طور پر مطلع کریں۔
قومی مرکز نے اس حوالے سے ہیلتھ گائیڈ بھی جاری کی ہے جس میں مویشیوں کی صحت کے تحفظ اور وبائی امراض سے بچاؤ کو یقینی بنانے کے لیے مختلف محکموں کو ہدایات دی گئی ہیں۔
اخبار 24 کے مطابق مرکز کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں مختلف ممالک میں سعودی سفارتی مشنز کو کہا گیا ہے کہ سفارتکاروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ جن ممالک میں مقیم ہیں وہاں مویشیوں، پولٹری اور نباتات کو لگنے والے وبائی امراض کے متعلق فوری طور پر آگاہ کریں۔
وبائی امرض کے حوالے سے مقامی طور پر ہنگامی صورتحال پیدا ہونے پر وزیر ماحولیات حفاظتی اقدامات کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔
علاوہ ازیں وقاء مرکز وزارت داخلہ، وزارت بلدیاتی امور، وزارت ہاؤسنگ، ہیلتھ سیکٹر اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے وبا پھیلنے کی صورت میں نگرانی اور روک تھام کے لیے ضروری اقدامات اٹھانے کا پابند ہو گا۔
محکمہ کی جانب سے جاری گائیڈ میں مویشی مالکان کو ہدایت دی گئی کہ کسی بھی جانور کو وبائی مرض لگنے کا خدشہ ہونے پر 24 گھنٹوں کے اندر متعلقہ اداروں کو اطلاع کریں۔
مشتبہ جانوروں کی خرید و فروخت، تحفہ میں دینے اور ذبح کرنے پر بھی پابندی ہو گی۔ علاوہ ازیں ویٹرنری ڈاکٹر کے مشورے کے بغیر غیر رجسٹرڈ ادویات کے استعمال پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
دوسری جانب گائیڈ بک میں واضح کیا گیا ہے مرض کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے متعلقہ محکموں کی جانب سے زرعی پیداوار کو ضائع کرنے کی صورت میں مالکان کو معاوضہ ادا کیا جائے گا بشرطیکہ انہوں نے تمام متعلقہ ضوابط کی پابندی کی ہو۔
علاوہ ازیں مردہ جانوروں اور حیوانی فضلے کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کا طریقہ بھی بتایا گیا ہے اس کے علاوہ جانوروں کو دی جانی والی اینٹی میکروبیلز کو عالمی اداروں کی ہدایات کے مطابق اور انسانی صحت کے تحفظ کو مد نظر رکھ کر استعمال کرنے پر زور دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز“ گروپ جوائن کریں