سنی اتحاد کونسل نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کر دیا
ہفتہ 2 مارچ 2024 9:44
ادیب یوسفزئی - اردو نیوز، لاہور
محمود خان اچکزئی عام انتخابات میں این اے 266 قلعہ عبد اللہ کم چمن سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے (فوٹو: فیس بک)
سنی اتحاد کونسل نے پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار کے لیے نامزد کر دیا ہے۔
سنیچر کو پی ٹی آئی کے ترجمان شعیب شاہین نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’پارٹی نے عمران خان کی ہدایات کے مطابق متفقہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنی طرف سے صدارتی انتخابات کے لیے محمود خان اچکزئی کے کاغذت نامزدگی جمع کرائیں گے۔‘
اُنہوں نے گذشتہ روز اسمبلی میں محمود خان اچکزئی کی تقریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’محمود خان نے اسمبلی میں اچھی تقریر کی تھی اِس وقت وہی ہمارے اُمیدوار ہوں گے۔‘
اِس سوال پر کہ کیا محمود خان اچکزئی کو محض تقریر کی بنیاد پر صدارتی الیکشن کے لیے نامزد کیا جا رہا ہے؟ تو ان کا کہنا تھا کہ ان کی تقریر بلاشبہ ایک اچھی تقریر تھی لیکن اِس وقت یہ ہمارا متفقہ فیصلہ ہے۔ ہم صرف صدارتی انتخابات کا سوچ رہے ہیں۔‘
شعیب شاہین نے کہا کہ دونوں طرف سیاسی جماعتوں سے بات ہو گئی ہے۔ مستقبل میں محمود خان اچکزئی کے ساتھ اتحاد یا الائنس سے متعلق انہوں نے بتایا کہ ان کی پارٹی اِس وقت صدارتی انتخابات کا سوچ رہی ہے اس لیے کسی بھی الائنس سے متعلق فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔
محمود خان اچکزئی عام انتخابات میں این اے 266 قلعہ عبد اللہ کم چمن سے 67 ہزار 28 ووٹ لے کر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے گذشتہ روز صدارتی انتخاب کا شیڈول جاری کیا گیا تھا جس کے مطابق ملک میں صدارتی انتخاب 9 مارچ کو ہو گا۔
صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی آج دوپہر 12 بجے سے پہلے تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
شیڈول کے مطابق ریٹرننگ افسر کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال چار مارچ کو صبح 10 بجے کی جائے گی اور یہ کاغذات نامزدگی پانچ مارچ دوپہر 12 بجے تک واپس لیے جاسکیں گے۔
گذشتہ روز پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نے محمود خان اچکزئی کو صدارتی امیدوار نامزد کرنے کا عندیہ بھی دیا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے آصف علی زرداری صدارتی امیدوار ہیں اور اُنہیں پاکستان مسلم لیگ ن کی بھی حمایت حاصل ہے۔
جمعے کو محمود اچکزئی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ’آج نئی پارلیمنٹ بننے جا رہی ہے۔ کچھ لوگ 22 کروڑعوام کی پارلیمنٹ کو بکرا منڈی بنانا چاہتے ہیں۔ بانی پی ٹی آئی کے نمائندے عوام کی طاقت سے پارلیمنٹ میں آگئے ہیں۔‘