Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 نیند کی کمی نفسیاتی صحت کے لیے خطرناک کیوں ہے؟

انگزائٹی کے افراد کو بھی عام طور پر کم خوابی کی شکایت رہتی ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
کیا آپ نیند کی کمی کا شکار ہیں اور آپ کی رات کروٹیں بدلتے گزر جاتی ہے؟ ان سوالوں کے جواب اگر اثبات میں ہیں تو فوری طور پر نفسیاتی معالج سے رجوع کریں کیونکہ نیند کی کمی انسان کی نفسیاتی صحت پر منفی طور پر اثر انداز ہوتی ہے۔
عربی میگزین ’سیدتی‘ میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق نفسیاتی صحت کے خراب ہونے اور نیند کی کمی کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔
اس لیے ضروری ہے کہ نیند بہتر بنانے کے لیے نفسیاتی علاج کیا جائے کیونکہ آپ پرسکون نیند سوئیں گے تو ہی آپ کی نفسیاتی صحت بہتر ہوگی۔ 
جب ہم سوتے ہیں تو ہمارے دماغ کی سرگرمیاں مختلف ہو جاتی ہیں جو بتدریج تبدیل ہوتی رہتی ہیں۔
نیند کے ابتدائی مرحلے جسے کچی نیند بھی کہا جاتا ہے، کے دوران دماغ کی حرکت میں معمولی تبدیلی رونما ہوتی ہے۔ جیسے جیسے نیند گہری ہونے لگتی ہے، دماغ کی سرگرمی میں بھی اضافہ ہو جاتا ہے۔ 
جب ہم سوتے ہیں تو دماغ کے افعال جاری رہتے ہیں۔ ہمارا دماغ اس دوران ان سوچوں کو ہمارے حافظے میں منتقل کرتا ہے جن کے بارے میں ہم نے دن کے کسی وقت غور کیا ہوتا ہے۔  
کم خوابی کے اثرات دماغ پر مرتب ہوتے ہیں جس کی  وجہ سے انسان کا موڈ اور جذبات متاثر ہوتے ہیں۔
اس سے دماغی صحت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں اور مزاج میں بیزاری اور زندگی ختم کرنے کے خیالات ابھرنے لگتے ہیں۔

دنیا بھر میں اس وقت تین کروڑ افراد ڈپریشن میں مبتلا ہیں (فائل فوٹو: پکسابے)

ڈپریشن اور کم خوابی کا باہمی ربط
دنیا بھر میں اس وقت تین کروڑ افراد ڈپریشن میں مبتلا ہیں جبکہ ان میں سے 75 فیصد بے خوابی کا شکار ہیں۔ اس حوالے ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ نیند کی کمی ڈپریشن کا باعث بن سکتی ہے جس سے ذہنی حالت میں بگاڑ پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ 
نیند کی کمی اور ڈپریشن کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اس لیے یہ ضروری ہے کہ بے خوابی سے نجات حاصل کرنے کی کوشش کی جائے تاکہ ڈپریشن سے جان چھڑائی جا سکے۔ 
کم خوابی سے گھبراہٹ میں اضافہ
وہ افراد جو انگزائٹی کا شکار ہیں، انہیں بھی عام طور پر کم خوابی کی شکایت رہتی ہے جس کی وجہ سے ان کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں۔ حقیقت تو یہ ہے کہ کم خوابی کا شکار لوگ درحقیقت مستقل طور پر خطرے کی زد پر ہوتے ہیں۔ 
نیند کے معیار کو بہتر کیسے کریں؟ 
جن افراد کو نیند کی کمی کا سامنا ہے انہیں چاہیے کہ وہ اپنے روز مرہ کے معمولات میں تبدیلی لائیں تاکہ نیند کے معیار کو بہتر کیا جا سکے۔ 

کم خوابی کا شکار لوگ درحقیقت مستقل طور پر خطرے کی زد پر ہوتے ہیں (فائل فوٹو: فری پکس)

اس حوالے سے ذیل میں چند مفید مشورے پیش کیے جا رہے ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے نیند بہتر کی جا سکتی ہے۔ 
۔ نیند کے وقت کو مقرر کریں اور اس پر عمل کریں۔ 
۔ بہتر نیند کے لیے نظام تنفس کی مشق کو عادت کے طور پر اپنائیں۔  
۔ سونے سے قبل کچھ دیر مطالعہ کریں۔ 
۔ سونے سے قبل سگریٹ نوشی اور کیفین کے استعمال سے گریز کریں۔  
۔ دن کے وقت ورزش اور چہل قدمی کا اہتمام کریں۔  
۔ بیڈ روم میں شور اور تیز روشنی سے اجتناب برتیں۔

شیئر: