’بریک اپ کے بعد سلمان اور کترینہ ایک ساتھ کام کرنے پر خوش نہیں تھے‘
فلم اک تھا ٹائیگر 2012 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم تھی (فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
بالی وُڈ کے ہدایت کار کبیر خان نے انکشاف کیا ہے کہ سلمان خان اور کترینہ کیف بریک اپ کے باعث مشہور ہندی فلم ’اک تھا ٹائیگر‘ میں ایک ساتھ کام کرنے پر خوش نہیں تھے۔
نیوز ویب سائٹ ’انڈین ایکسپریس‘ کے مطابق کبیر خان نے اس بات کا انکشاف میش ایبل انڈیا یوٹیوب چینل پر کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھبرا کی پوڈکاسٹ کے ٹریلر میں کیا۔
اس پوڈکاسٹ کے ٹریلر میں کئی فلم میکرز کو اپنی فلموں میں کاسٹ کو لینے کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
اسی سلسلے میں کبیر خان نے مشہور سپائی تھرلر ’ٹائیگر‘ فرنچائز کی پہلی فلم ’اک تھا ٹائیگر‘ میں سلمان خان کو کاسٹ کرنے کے بارے میں بات کی۔
کبیر خان نے اس بارے میں انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ’اُس وقت اُن کا بریک اپ ہوا تھا اور وہ اکٹھے کام کرنے پر خوش نہیں تھے۔‘
فلم اک تھا ٹائیگر 2012 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر فلم تھی جس کی مرکزی کاسٹ میں سلمان خان اور کترینہ کیف کے علاوہ رنویر شورے، گیریش کرناڈ سمیت کئی فنکار شامل تھے۔
اس فلم کے بعد سلمان خان نے بطور ٹائیگر اور کترینہ کیف نے بطور زویا ایک ساتھ ٹائیگر زندہ ہے اور ٹائیگر تھری میں کام کیا جو بالترتیب 2017 اور 2023 میں ریلیز ہوئیں۔
سلمان خان اور کترینہ کیف کے درمیان دوستی مبینہ طور پر 2005 میں شروع ہوئی جو کے محبت میں بدل گئی۔
دونوں میگا سٹارز کے درمیان اس محبت کا اختتام 2009 میں بریک اپ کی صورت میں ہوا۔
کترینہ کیف اور سلمان خان نے ٹائیگر فرنچائز کے علاوہ 2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ’میں نے پیار کیوں کیا‘، 2007 میں ریلیز ہونے والی فلم ’پارٹنر‘ اور 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم ’بھارت‘ میں ایک ساتھ کام کیا۔