Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خود کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دینے والا ڈرائیور گرفتار

واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی گئی۔ (فوٹو سبق)
ریاض میں پولیس نے گاڑیوں کو ٹکر مار کر فرار ہونے کی کوشش کرنے والے سعودی کو حراست میں لے لیا ہے۔ ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو جانی نقصان پہنچانے کی بھی دھمکی دی تھی۔
سبق نیوز کے مطابق ریاض پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کنٹرول روم کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص مصروف شاہراہ پر انتہائی خطرناک انداز میں گاڑی چلا رہا ہے۔
پولیس کو ملنے والی اطلاع میں مزید کہا گیا تھا کہ جنونی انداز میں گاڑی چلانے والے نے تین گاڑیوں کو ٹکر ماری جس سے لوگوں کا کافی نقصان ہوا۔
ملزم کی گرفتاری کے لیے پولیس اسکواڈ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اسے رکنے پر مجبور کردیا۔ گرفتاری سے بچنے اور جائے واردات سے فرار ہونے کے لیے ملزم نے خود کو جسمانی نقصان پہنچانے کی دھمکی بھی  دی تاہم پولیس ٹیم اسے گرفتار کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا کہ جو گاڑی ملزم چلا رہا تھا وہ چوری کی تھی۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پولیس اس شخص کو بھی تلاش کررہی ہے جس نے واقعے کی وڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہے ۔
واضح رہے سائبرقوانین کے مطابق کسی بھی مجرمانہ کارروائی یا حادثے کی وڈیو یا تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنا قانون شکنی شمار کی جاتی ہے ایسے افراد کو جو سوشل میڈیا پر محض ویوورز میں اضافے کے لیے غیرمعمولی وڈیوز اپ لوڈ کرتے ہیں وہ قانون شکنی کے مرتکب قرار پاتے ہیں۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: