رُوٹ ٹو مکہ میں توسیع، سعودی سفیر نواف المالکی کے شکرگزار ہیں: سیکریٹری وزارتِ مذہبی امور
ڈاکٹر سید عطا الرحمان نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مثالی تعلق ہے(فائل فوٹو: وزارت مذہبی امور)
پاکستان کی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے سیکریٹری ڈاکٹر سید عطا الرحمان نے روٹ ٹو مکہ منصوبے میں توسیع کے لیے کام کرنے والے سعودی سفیر نواف المالکی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ڈاکٹر سید عطا الرحمان نے کہا ہے کہ ’روڈ ٹو مکہ کی توسیع کے لیے خدمات سرانجام دینے والے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے اسلام آباد کے بعد کراچی کے لیے بھی اس منصوبے پر کام کیا۔‘
انہوں کی بدھ کی شب کراچی کے نجی ہوٹل میں سعودی وفد کے اعزاز میں منعقدہ اختتامی تقریب میں ان خیالات کا اظہار کیا۔
تقریب میں سعودی عرب کے سفیر نواف المالکی، سعودی وفد، پاکستان کے سیکریٹری وزارت مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی ڈاکٹر عطا الرحمان سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔
اس موقعے پر ڈاکٹر سید عطا الرحمان نے کہا کہ ’پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ایک مثالی تعلق ہے۔ دونوں ممالک میں بسنے والے ایک دوسرے سے محبت اور احترام کا رشتہ رکھتے ہیں۔‘
ڈاکٹر عطا الرحمان نے مزید کہا کہ’ سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید احمد المالکی کو روٹ ٹو مکہ کی توسیع کے لیے شاندار تعاون پر دل کی گہرائیوں سے خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔‘
انہوں نے امید ظاہر کی کہ ’مستقبل میں کامیابی کے لیے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعاون جاری رکھا جائے گا۔‘