میٹر میں ہیر پھیر کرنے پر 39 پٹرول پمپ سرمہر
’میٹر میں ہیر پھیر کرکے گاڑیوں میں کم مقدار میں پٹرول ڈلا جاتا تھا‘ ( فوٹو: سبق)
پٹرول پمپس کی نگرانی کرنے والی کمیٹی نے تیل کی کم مقدار فروخت کرکے لوگوں کو دھوکہ دینے پر 39 پٹرول پمپ سربمہر کردیئے ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق کمیٹی نے 19 شہروں اور کمشنریوں میں پٹرول پمپوں کے خلاف کارروائی کی ہے۔
پٹرول پمپس کی نگرانی کرنے والی کمیٹی میں وزارت تجارت، وزارت توانائی، وزارت بلدیات اور کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے نمائندے شامل ہیں۔
کمیٹی کو صارفین کی طرف سے شکایت موصول ہوئی تھی کہ بعض پٹرول پمپس میں مقررہ مقدار سے کم تیل گاڑیوں میں ڈالا جاتا ہے۔
کمیٹی کی تفتیش ٹیم نے مذکورہ پٹرول پمپس کا دورہ کیا تو معلوم ہوا کہ وہاں خصوصی آلات نصب ہیں جن سے میٹر میں ہیر پھیر کرکے گاڑیوں میں کم مقدار میں پٹرول ڈلتا ہے۔
کمیٹی نے مذکورہ پمپس کو سربمہر، کام کرنے والوں کو گرفتار اور مالکان کو طلب کیا ہے۔
کمیٹی نے کہا ہے کہ ’مذکورہ پٹرول پمپس نے دھوکہ دہی، جعلسازی اور ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے‘۔