پاکستان کی وزارت اوورسیز پاکستانیز نے سعودی عرب و دیگر ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں میں لینڈ ریکارڈ کی آن لائن فراہمی اور خریدوفروخت کی صورت میں انتقال کی سہولت کا زیرالتوا منصوبہ فوری طور پر شروع کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔
اس سلسلے میں ایک اجلاس وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی زیرصدارت ہوا جس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، امریکہ، برطانیہ اور سپین میں لینڈ ریکارڈ سروسز کی آن لائن فراہمی منتخب مشنز پر اراضی کی منتقلی کا پائلٹ پروجیکٹ شروع کیا جائے گا۔
اس کا سلسلہ چند ماہ کے اندر دیگر ممالک تک بھی بڑھایا جائے گا۔
مزید پڑھیں
-
سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ترسیلات زر میں اضافہNode ID: 844041
اس موقع پر چوہدری سالک حسین نے متعلقہ اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں انتہائی مستعدی اور پیشہ ورانہ مہارت کو یقینی بنائیں۔
ان کے مطابق ’منصوبے کے تحت سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں خصوص کاونٹرز قائم کیے جائیں گے۔‘
وفاقی وزیر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’منصوبہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہت سی غیرضروری پریشانیوں کو دور کرے گا اور ذاتی طور پر تمام پہلوؤں کو یقینی بنانے کے لیے نگرانی کروں گا۔‘
خیال رہے کہ 2021 میں پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے یہ منصوبہ تجویز کیا تھا اور اس مقصد کے لیے اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے چار ملکوں میں لینڈ ریکارڈ سینٹرز بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔
امریکہ، برطانیہ، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں پاکستانی سفارت خانوں اور قونصل خانوں میں یہ خصوصی کاونٹرز قائم کیے جانے تھے۔ امریکہ میں واشنگٹن، شکاگو، ہیوسٹن، لاس اینجلس اور نیو یارک جبکہ برطانیہ میں لندن، مانچسٹر، برمنگھم، گلاسگو اور بریڈ فورڈ میں یہ سہولت فراہم کی جانی تھی۔
