سعودی عرب کے عسیر ریجن کے شہر ابہا کے رہائشی رمضان میں افطار کی خریداری کے لیے ’سموسہ مارکیٹ‘ (سوق السمبوسہ) کا رخ کرتے ہیں۔ یہ رمضان میں خریداری کے ساتھ تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہم ذریعہ ہے۔
سموسہ مارکیٹ کافی پرانی اور معروف ہے۔ یہاں لوگ احباب سے ملاقات اور خریداری کے لیے خاص طور پر آتے ہیں۔ یہ مارکیٹ جتنی شہریوں میں مقبول ہے اتنی ہی غیرملکیوں میں بھی معروف ہے۔

مارکیٹ میں روزانہ عصر کے بعد چہل پہل شروع ہوجاتی ہے اور یہ رونق افطار تک رہتی ہے۔ ان دنوں ابہا کا موسم بہترین ہے اور اطراف میں رہنے والے بھی یہاں سے افطار کے لیے اپنی پسند کی اشیا خرید تے ہیں۔
ابھا کے المشھد محلے میں واقع یہ مارکیٹ تقریبا 19 سال قبل قائم ہوئی تھی۔ شہریوں اور مقیم غیرملکیوں کےلیے رمضان شاپنگ کے ساتھ ایک تفریح گاہ بھی ہے۔
