Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

خمیس مشیط:ڈاکٹر فرید احمد پراچہ کے اعزازمیں افطار پارٹی

خمیس مشیط(جی ایس ایوب)روزہ صبر کا مہینہ ہے، روزہ تقویٰ، پرہیز گاری اور انکساری کا درس دیتا ہے۔ زیادہ تر وقت عبادت میں گزارنا چاہئے۔ روزے کا اجر اللہ تعالیٰ خود دیتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے ڈپٹی سیکریٹری ڈاکٹر فرید احمد پراچہ نے پاکستان ویلفیئر فورم عسیر کے نائب صدر فاروق بٹ کی جانب سے دی گئی افطار پارٹی میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماہ رمضان باہمی تعاون و محبت و الفت و رفعت کے ساتھ پیش آنے کا درس دیتا ہے۔ صبر کی 30روزہ تربیت گاہ بھی ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کئی سالوں سے کرپشن کے خلاف آواز اٹھارہی ہے ہم چاہتے ہیں کہ بلا امتیاز کرپٹ حکمرانوں کے   خلاف احتساب کے عمل کو جاری رہنا چاہئے۔ قانون اورآئین سے کوئی بالا تر نہیں۔ اپوزیشن جماعتوں میں بھی کرپٹ لوگوں کا احتساب ہونا چاہئے۔ کسی کو کوئی معافی نہیں ہونی چاہئے۔ اوورسیز پاکستانی ملک کا سرمایہ ہیں انہیں ووٹ کا حق ملنا چاہئے۔ آپ کی طرف سے بھیجی جانے والی رقوم ملک کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوتی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپ کو ووٹ کا حق ملنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ  ملک میں توانائی کا بحران ہے موجودہ حکومت وعدوں اور دعوؤں کے باوجود اس بحران پر قابو نہیں پاسکی۔ لوگوں کو صاف پانی نہیں مل رہا۔ مہنگائی پر حکومت  قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ فاروق بٹ نے معزز مہمانوں کی آمد پر انکاشکریہ ادا کیا۔ پاکستان ڈاکٹرز فورم کے چیئرمین ڈاکٹر جمیل مغل ، ملک مظفر اعوان ، ریاض چوہدری، عاصم حسین شاہ، طارق اعوان، راؤ محمد اویس نے بھی ملاقات کی۔
 

شیئر: