Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نواز شریف پنجاب کی مدد کر رہے ہیں، ان سے رہنمائی لینا جرم نہیں: وزیر مواصلات

پنجاب کے صوبائی وزیر برائے مواصلات صہیب بھرت نے کہا ہے کہ نواز شریف پنجاب حکومت کی مدد کر رہے ہیں اور ان سے مدد لینا جرم نہیں۔
اردو نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر یہ تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ پنجاب حکومت کے اجلاس میں کیوں شریک ہوئے مگر یہ درست بات نہیں ہے۔
ان کے مطابق ’میاں نواز شریف اس وقت پاکستان کی وہ واحد شخصیت ہیں جن کے پاس بہت زیادہ تجربہ ہے اور وہ سب سے زیادہ قابل بھی ہیں۔‘
صہیب بھرت کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’وہ تین بار وزیراعلٰی اور تین بار وزیر اعظم رہے، وہ پنجاب کی معاونت کر رہے ہیں کیا کسی سے مدد لینا یا رہنمائی  لینا ٹھیک نہیں جو پچھلے 40 سال سے اس پراسیس سے گزرے ہیں۔‘
انہوں نے بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ’یہ سیکھنے کا عمل ہے ہم لوگ تو بڑے خوش نصیب ہیں یہ لوگ تو کہتے تھے نواز شریف کی سیاست ختم ہو گئی ہے اور پھر اللہ نے کس طرح وقت تبدیل کیا۔‘
ان کے بقول ’ہم میاں نواز شریف سے سیکھ رہے ہیں۔ ان کی سرپرستی سے اور ان کے ویژن سے مریم نواز کی حکومت اور کابینہ بہت آگے تک جائیں گے۔‘

الیکشن مہم کے دوران صہیب بھرت کا بولا گیا ایک جملہ ’’ناں چن ناں ہن اینج نہیں‘ وائرل ہوا تھا (فوٹو: اردو نیوز)

صہیب بھرت کا تعلق سرگودھا سے ہے اور وہ پہلی مرتبہ وزیر بنے ہیں۔
ان کا وزیر بننے کا تجربہ کیسا رہا اور مریم نواز وزرا سے کیسے کام لے رہی ہیں؟
اس سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’پنجاب کابینہ کے لیے جو اصول و ضوابط رکھے گئے ہیں میرا نہیں خیال کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے پہلے اس طرح کا چیک اینڈ بیلنس کبھی وزرا پر رکھا گیا ہو۔‘
انہوں نے کہا کہ’ہر وزیر کے دفتر میں آنے کے وقت پر چیک رکھا گیا ہے اسی طرح ایک دن میں کتنی میٹنگز لیں اور جو کام ذمے لگے ہیں ان کی روزانہ کی رپورٹ وزیر اعلٰی آفس کو بھیجنا ضروری ہے۔ اس سے پہلے ایسا کبھی نہیں ہوا تھا۔‘
صوبائی وزیر مواصلات صہیب بھرت اپنی انتخابی مہم اس وقت انٹرنیٹ پر وائرل ہو گئے جب ایک تقریر کے دوران انہوں نے اپنے پنجابی انداز میں کہا ’ناں چن ناں ہن اینج نہیں۔‘
اپنی شہرت پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ جملہ ٹوئٹر پر بہت وائرل ہوا اور انہیں بے شمار فالوورز ملے، اس کو بہت پسند کیا گیا۔
’یہ جملہ کمپین کے دوران منہ سے نکلا تھا کیونکہ میں اور میری ٹیم اور حلقے کے لوگ بہت محنت کر رہے تھے اور کسی موبائل میں وہ انداز ریکارڈ ہو گیا۔‘
تو کیا اس شہرت کی وجہ سے آپ وزارت تک پہنچے؟

صہیب بھرت کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی کابینہ اجلاس میں شرکت پر تنقید درست نہیں (فوٹو: پی ایم ایل این)

اس سوال کے جواب میں صہیب بھرت کا کہنا تھا کہ ’نہیں میرا نہیں خیال کہ ایسا کچھ ہوا ہے۔ مجھے تو اچانک کال آئی کہ مجھے وزارت کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’میرا باقاعدہ انٹرویو ہوا، دوسرے وزرا کا بھی ہوا۔ تعلیمی قابلیت اور تجربے کے حوالے سے سوالات پوچھے گئے۔‘
’ماضی کی روایتوں کو توڑتے ہوئے کابینہ کے لیے نوجوان اور بیرون ملک سے تعلیم یافتہ اراکین کو ترجیحاً وازرتیں دی گئیں۔‘
صوبائی وزیر نے کہا کہ ’وزیراعلٰی کا کہنا ہے کہ پورا صوبے کو کھڈوں سے صاف کیا جائے گا یعنی ہر سڑک کی مرمت ہو گی۔
’پہلے مرحلے میں پنجاب کی 20 ہزار کلومیٹر کی سڑکوں کی مرمت کا کام شروع کر دیا گیا ہے جبکہ تین بڑی سڑکیں بھی بنائی جا رہی ہیں۔‘ 

شیئر: