Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ریاض میں خواتین کی تنظیم”ہمنوا“ کی رنگارنگ تقریب کا انعقاد

حسن وزیر اور شاہ فیصل کاکڑ کی بیگمات کے علاوہ کمیونٹی کی خواتین کی شرکت
 
ریاض (ذکاءاللہ محسن) خواتین کی تنظیم ” ہمنوا“ کے زیر اہتمام رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں پاکستانی کمیونٹی کے مردوخواتین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ سفارت خانہ پاکستان کے ہال میں منعقدہ تقریب میں ہمنوا کی خواتین مقررین نے سفارت خانہ پاکستان کے نائب سفیر حسن وزیر اور ہیڈ آف قونصلر شاہ فیصل کاکڑ اور ان کی بیگمات خدیجہ حسن اور نرگس کاکڑ کو خراج تحسین پیش کیا۔ ہمنوا کی صدر بلقیس صفدر نے کہا کہ سفارت خانہ پاکستان نے ہمیشہ پاکبانوں کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دی ہیںجبکہ خواتین کے حوالے سے سفارت کاروں کی بیگمات نے بھی خواتین کے مسائل اور ان کی فلاح وبہبود کے لئے کام کیا ہے۔ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ارم قلبانی کا کہنا تھا کہ ہمنوا نے ہمیشہ کوشش کی ہے کہ وہ کمیونٹی کی خواتین کو ساتھ لیکر چلے اور اس حوالے سے سفارت کاروں کی بیگمات کاکردار ہمیشہ بڑا اہم رہا ہے کیونکہ وہ اعلی تعلیم یافتہ ہونے کے ساتھ مسائل کو حل کرنا بھی بخوبی جانتی ہیں۔ تعلیمی اور صحت کے علاوہ دیگر مسائل کو حل کروانے میں ان کا کردار لائق تحسین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض مرتبہ ان کی جانب سے ہمیں بھی مفید مشورے ملتے ہیں جن سے ہماری بھی رہنمائی ہوتی ہے۔ ہمنوا کی نائب صدر شمائلہ شہباز کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی خواتین کا بڑا اہم کردار رہا ہے۔ 30 سال قبل عورتوں کی کوئی نمائندہ جماعت نہیں تھی،پھر ہم نے ہمنوا کی بنیاد رکھی اور مختلف پروگراموں کے ذریعے عورتوں کو دور حاضر میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے رہنمائی کی۔ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب میں موجود پاکستانی خاتون بہتر انداز میں کام کر سکے۔ معروف کالم نگار تسنیم امجد نے کہا کہ یہ امر بڑا خوش آئند ہے کہ بیگم خدیجہ حسن وزیر اور نرگس کاکڑ جتنی دیر یہاں رہیں، انہوں نے خواتین کے لئے کام کیا اور جب بھی انکی خدمات کی ضرورت محسوس کی گئی تو ان کی جانب سے ہربار تعاون کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نرگس کاکڑ نے کہا کہ3 سال کا عرصہ گزارنے کے بعد وہ یقینی طور پر اب جاتے ہوئے افسردہ ہیں کیونکہ یہاں ان کو بہت پیار ملا جس کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گی۔ ہیڈ آف قونصلر شاہ فیصل کاکڑ نے اردو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب سے ایک روحانی رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم رہے گا۔3 سال کے دوران کمیونٹی نے بہت پیار دیا۔ میری بھی کوشش رہی کہ جو مسائل حل ہو سکتے ہیں، ان کو حل کیا جائے۔ ایمبیسی کے دیگر افسران نے بھی بڑی محنت کے ساتھ کام کیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وہ رمضان المبارک کے بعد بنگلہ دیش میں اپنی خدمات پیش کریں گے۔ آخر میں بیگم نرگس کاکڑ کو تعریفی شیلڈ بھی دی گئی۔ اس سے قبل تقریب میں انجینئر جلیل حسن نے رمضان المبارک کے حوالے سے معلوماتی درس دیاجبکہ تقریب کا آغاز قاری نعمت اللہ کی تلاوت قرآن مجید سے کیا گیا۔
 
 

شیئر: