پاکستان کی سینیئر اداکارہ نشو بیگم نے کہا ہے کہ ان کی بیٹی صاحبہ نے ان سے اجازت لے کر اپنے سگے والد انعام ربانی سے ملاقات کی۔
’زیڈ اے ایچ انٹرٹینمنٹ‘ نامی یوٹیوب چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے اداکارہ نشو نے بتایا کہ صاحبہ کے شوہر افضل ریمبو کا کراچی میں ایک شو کے دوران فون آیا، جس میں انہوں نے صاحبہ کو سگے والد سے ملوانے کی درخواست کی۔
مزید پڑھیں
-
کپل شرما: ’گریٹ انڈین لافٹر چیلنج‘ سے ’گریٹ انڈین کپل شو‘ تکNode ID: 847916
-
رمضان میں نشر ہونے والے ڈرامے یکسانیت کا شکار کیوں؟Node ID: 847926
اداکارہ نے کہا ’صاحبہ پہلے تو اپنے والد سے ملنے کیلئے ہچکچائیں پھر انہوں نے مجھے فون کر کے بتایا کہ ریمبو انہیں ملاقات کرنے کا کہہ رہے ہیں، صاحبہ نے مجھ سے اجازت مانگی جو کہ میں نے دے دی۔‘
اپنی ازدواجی زندگی پر بات کرتے ہوئے نشو نے بتایا ’جب میں 7 ماہ کی حاملہ تھی تو انعام ربانی جھگڑے کے بعد مجھے چھوڑ کر چلے گئے اور دوسری شادی کر لی تھی۔ انہوں نے بیٹی کی پیدائش کے بعد مجھے طلاق دے دی اور دوبارہ ہم سے ملنے کبھی نہیں آئے۔‘
اداکارہ کے مطابق انہوں نے انعام ربانی سے طلاق سے قبل صلح کی کوشش نہیں کی کیونکہ ان کا رشتہ جس موڑ پر تھا وہاں صلح کی گنجائش نہیں تھی۔
نشو بیگم نے بتایا ’ہمارے گھر والے ہماری شادی کے خلاف تھے، یہ جھگڑا دو خاندانوں کا جھگڑا تھا، مجھے افسوس اس بات پر تھا کہ مرد کو اپنی بیوی اور بچے کا ساتھ دینا چاہیے نہ کہ خاندانی دباؤ میں انہیں چھوڑ دے۔‘
نشو نے مزید بتایا ’جب ہماری شادی ہوئی تو ان کے سابقہ شوہر اس وقت کام نہیں کرتے تھے اور گھر کے اخراجات میں خود اٹھاتی تھی۔‘
حال ہی میں اداکارہ صاحبہ ریمبو نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے اپنے والد کے ہمراہ تصاویر اور ولاگز شیئر کرتے ہوئے لکھا ’زندگی میں پہلی بار والد سے ملاقات ہوئی۔‘
ویڈیو میں اداکارہ صاحبہ کو اپنے والد سے کہتے دیکھا جا سکتا ہے کہ ان کا کیا قصور تھا جس پر دونوں باپ اور بیٹی روتے ہوئے ایک دوسرے کو گلے لگا لیتے ہیں۔
ملاقات کے دوران صاحبہ کے والد اپنی بیٹی سے مخاطب ہوتے ہوئے کہہ رہے ہیں ’تمہارے لیے ہی میری سانسیں بچی ہوئی تھیں، اب مجھ سے چلا بھی نہیں جاتا۔ یہ میرا قصور ہے اور میں چاہتا تھا کہ جاتے ہوئے تم سے معافی مانگ لوں‘۔