وفاقی بیوروکریسی میں گریڈ 18 سے 22 کے بیس افسر دہری شہریت کے حامل
پیر 1 اپریل 2024 17:05
بشیر چوہدری، اردو نیوز۔ اسلام آباد
20 افسران میں دس اعلیٰ افسران کے پاس برطانیہ کی شہریت ہے۔ (فوٹو: ایکس)
قومی اسمبلی اجلاس کے دوران انکشاف ہوا ہے کہ وفاقی بیورو کریسی کے گریڈ 18 سے گریڈ 22 کے 20 سرکاری افسر دہری شہریت رکھتے پیں۔
پیر کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے قومی اسمبلی اجلاس کے وقفہ سوالات کے دوران مختلف وزارتوں اور محکموں کے دہری شہریت کے حامل افسران کی تفصیلات پیش کی گئیں۔ یہ افسر برطانیہ، امریکہ اور کینیڈا کی دہری شہریت رکھتے ہیں۔
ان 20 افسروں میں دس اعلیٰ آفیسرز کے پاس برطانیہ کی شہریت ہے جبکہ چھ کے پاس کینیڈا اورچار کے پاس امریکہ کی شہریت ہے۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے مطابق سارہ سعید سپیشل سیکرٹری کامرس گریڈ 22، صائمہ علی گریڈ 19 سیکشن چیف پی اینڈ ڈی لاہور، ایڈیشنل ڈی جی ایف آئی اے جان محمد گریڈ 21، اے آئی جی فنانس کوئٹہ سہیل احمد شیخ گریڈ 19، ڈائریکٹر آئی پی بی ہیڈ کوارٹر لاہور فواد الدین ریاض، ڈائریکٹر ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر اسلام آباد زعیم اقبال شیخ گریڈ 20، سی پی او دفتر سندھ لیفٹینٹ جنرل (ر) عمران شوکت، پراجیکٹ ڈائریکٹر پی ایم یو وقار احمد، ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی جاوید احمد بلوچ اور سیکرٹری خود مختار سندھ طحہ احمد فاروقی گریڈ 20 کے پاس برطانیہ کی شہریت ہے۔
رابعہ اورنگ زیب گریڈ18 داخلہ ڈویژن، ڈی آئی جی این شاہد جاوید گریڈ 21، ڈی آئی جی کوسٹل ہائی وے برکت حسین کھوسہ گریڈ 19، سی سی پی او لاہور حیدراشرف، ایس ایس پی انویسٹی گیشن لاہور ندیم حسین گریڈ 19 اور ایڈیشنل سکریٹری ای اینڈ ڈی اسلام آباد گریڈ 21 کے پاس کینیڈا کی شہریت ہے۔
جوائنٹ سیکرٹری اوورسیز پاکستانیز محمد وشاق گریڈ 20، ایس ایس پی میرپورخاص عادل میمن گریڈ 19، ایس ایس پی ایڈمن لاہور عاطف نذیر اور او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن غلام مجتبی جویو گریڈ 20 کے پاس امریکہ کی شہریت ہے۔